ملک بھر میں یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
اسلام آباد:
ملک بھر میں یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں خصوصی تقریب ایوان صدر میں ہوگی جہاں مسلح افواج کی پریڈ ہوگی اور قومی پرچم لہراہا جائے گا۔
یوم پاکستان کے سلسلے میں 23 مارچ کو پریڈ محدود پیمانے پر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کی جائے گی، یوم پاکستان پریڈ کو محدود پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ رمضان المبارک کے باعث کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پریڈ میں بدستور تینوں مسلح افواج کے دستے بھرپور شرکت کریں گے اور گزشتہ روز مسلح افواج کے دستوں نے ایوان صدر میں ریہرسل کی اور فضائیہ کے طیاروں نے حصہ لیا۔
یوم پاکستان پریڈ ایوان صدر کے احاطے میں منعقد کی جائے گی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جہاں مسلح افواج کے دستے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کریں گے اور پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے بھی ایوان صدر کے سامنے فلائی پاسٹ کریں گے، پریڈ میں پاکستان آرمی کا مایہ ناز پائپ اینڈ پرکشن بینڈ اپنے فن کا بھی مظاہرہ کرے گا۔
تقریب میں غیرملکی سفیروں اور دیگر اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا، مساجد میں خصوصی دعائیں ہوں گی اور ملک بھر میں یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
صدر اور وزیر اعظم نے یوم پاکستان پر قوم کے نام خصوصی پیغام بھی جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ زندہ قومیں قومی تہوار ہمیشہ جوش و خروش سے مناتی ہیں، پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ نارتھ کے افسروں اور جوانوں کی جانب سے وطن کی حفاظت اور حرمت کے حوالے سے خارجیوں، انتشاریوں اور امن کے دشمنوں کو واضح پیغام دیا ہے۔
چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور درہ آدم خیل میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے وطن کے محافظوں کی جانب سے وطن کی حفاظت کے لیے ہر قسم کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کا عزم کیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: یوم پاکستان مسلح افواج ایوان صدر
پڑھیں:
بین المذاہب ہم آہنگی، واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ایسٹر کی خصوصی تقریب کا انعقاد
امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں ایسٹر کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے حکومتِ پاکستان کے عزم کی غمازی کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن ڈی سی میں ایسٹر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کا انعقاد بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے کام کرنے والی واشنگٹن ڈی سی کی معروف تنظیم آل نیبرز ایسوسی ایشن اور سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے کیا گیا۔
تقریب میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، مذہبی رہنماؤں اور پاکستانی امریکن کمیونٹی خصوصاً مسیحی برادری کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض فرسٹ سیکرٹری زیب عالم خان نے انجام دیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آل نیبرز ایسوسی ایشن الیاس مسیح نے ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شامل ہونے اور اس حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کرنے پر سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
صدر آل نیبرز ایسوسی ایشن اور دیگر مذہبی رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے حکومت ِ پاکستان اور ملکی قیادت کے اقدامات کو خصوصی طور پر سراہا۔
مقررین نے ایسٹر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے پیغاما ت میں بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور رواداری کے فروغ کے حوالے سے انفرادی اور اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان کے دوروں کے دوران اپنے مشاہدات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ صدر آل نیبرز ایسوسی ایشن نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے اوردونوں ملکوں کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے وہ اب تک مختلف وفود کو پاکستان گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے انہیں حکومت پاکستان اور سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت میسر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے وہ طلباء کا ایک وفد پاکستان لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
الیاس مسیح نے بتایا کہ اس حوالے سے معروف پاکستانی امریکی شخصیات کی جانب سے دورہ کرنے والے طلبا کے سفری اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف آف مشن بتول کاظم نے بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کا تنوع ہماری طاقت ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو بھی سراہا۔
بتول کاظم نے بین المذاہب ہم آہنگی اور دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے حوالے سے صدر آل نیبرز ایسوسی ایشن کے صدر اور ان کی ٹیم کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں شریک مختلف شرکاء نے ایسٹر جیسی تقریبات کے انعقاد اور مختلف مذاہب کے پیرووکاروں کو ایک چھت تلے جمع کرنے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونے کے عمل کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔