پانی کے وسائل کی حفاظت سب کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ سندھ
اشاعت کی تاریخ: 22nd, March 2025 GMT
کراچی:
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پانی زندگی ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ پانی کے ضیاع کو روکا جائے تاکہ ہماری نسلوں کے لیے محفوظ مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔ زمین کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے پانی کے وسائل کی حفاظت انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے سندھ میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے بحران کی وجہ سے زراعت اور معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہیں، جبکہ سندھ کے کسان اور ماہی گیر مشکلات کا شکار ہیں۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کا پانی کے عالمی دن پر پیغام: پانی زندگی کی علامت اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت
مراد علی شاہ نے کہا کہ دریائے سندھ کے بہاؤ میں کمی کے باعث لاکھوں لوگوں کا روزگار داؤ پر لگ گیا ہے، جبکہ ماحولیاتی تبدیلی اور پانی کی غیر منصفانہ تقسیم نے دریائے سندھ کے وجود کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریائے سندھ کی خشک لہریں زندگی اور زراعت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ سندھ کے پانی کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے دریائے سندھ پر نئے کینال بنانے کے منصوبوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلے پانی کے بحران کو مزید سنگین بنا دیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پانی کی غیر منصفانہ تقسیم سے سندھ میں قحط کا خدشہ ہے اور اس بحران سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم دریائے سندھ کے محافظ ہیں اور پیپلز پارٹی ہمیشہ پانی کے معاملے پر فرنٹ لائن پر رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب سندھ کی زرخیز زمین کے لیے پانی دستیاب نہیں، تو نئے کینال کیسے بنائے جا رہے ہیں؟
وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ دریائے سندھ کا پانی کئی سالوں سے انڈس ڈیلٹا تک نہیں پہنچا، جس کی وجہ سے لاکھوں ایکڑ اراضی سمندر برد ہو چکی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے تاکہ سب کو اپنے حصے کا پانی مل سکے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ انہوں نے عوام سے عہد لینے کی اپیل کی کہ ہم پانی کے ہر قطرے کی حفاظت کریں گے، کیونکہ پانی کے بغیر زندگی ممکن نہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مراد علی شاہ نے دریائے سندھ انہوں نے کی حفاظت پانی کی سندھ کے پانی کے کہ پانی کے لیے
پڑھیں:
عمران خان کو معدنی وسائل ایکٹ پر تحفظات، وزیراعلیٰ گنڈا پور کو طلب کرلیا
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے شیر افضل مروت کے بیانات اور معدنی وسائل بل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی وکلاء سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کے بیانات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور شیخ وقاص اکرم کو شیر افضل مروت کے الزمات کا دو ٹوک جواب دینے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی میں پلانٹ کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی شیر افضل مروت کی جانب سے وکلاء کی فیسوں اور علیمہ خان سے متعلق بیانات پر شدید برہم ہوئے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے مائنز اینڈ منرلز بل پر تحفظات کا اظہار کیا اور علی امین گنڈاپور کو مائنز اینڈ منرلز بل سے پر ملاقات کیلئے بلایا ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا ہمیں اسٹیبلشمنٹ کی نہیں اسٹیبلشمنٹ کو پی ٹی آئی ضرورت ہے۔ اندرونی کہانی کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر خان کے معذرت خواہانہ رویے پر انکو سخت پیغام بھجوایا اور پارٹی قیادت کو تمام اختلافات ختم کرنے کا سخت پیغام دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ حکومت نے افغانستان کے ساتھ بات چیت میں بہت دیر کردی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کے پی دہشت گردی کا شکار صوبہ ہے۔ اس کے علاوہ عمران خان نے قانون کی عملداری نہ ہونے پر سلمان اکرم راجہ کو چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا مولانا فضل الرحمن کی جانب سے ہر بار رابطہ پر اعتراض کرنا مناسب نہیں کیونکہ ہم ملک اور عوام کے مفاد میں سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔