پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہیں، امریکی سفیر
اشاعت کی تاریخ: 21st, March 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان میں تعینات امریکا کی قائم مقام سفیر نٹالی بیکر نے حکومت کے معاشی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب سے جمعے کو امریکا کی ناظم الامور اور قائم مقام سفیر نٹالی بیکر نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ اقتصادی تعاون اور پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پروزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو حکومت کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی، جو وزیر اعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ساختی اصلاحات اور برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی پر مرکوز ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق انہوں نے معیشت کی بہتری، پائیدار اور جامع ترقی کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں نجکاری، ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی تنظیم نو اور وفاقی حکومت کے حجم میں کمی شامل ہیں۔
امریکی قائمقام سفیرنٹالی بیکر نے پاکستان کی معاشی پیش رفت کو سراہتے ہوئے ضروری لیکن مشکل ساختی اصلاحات کے نفاذ کے لیے حکومتی عزم کی تعریف کی۔
انہوں نے ملک کی اقتصادی بحالی اور طویل مدتی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کو حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے نئے امکانات تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سرمایہ کاری کرنے کے کے لیے
پڑھیں:
60 ممالک کو معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، شہباز شریف
لاہور میں ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول اور تمام سہولتیں فراہم کریں گے، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 60 ممالک کو معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول اور تمام سہولتیں فراہم کریں گے، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے، پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے، چین، افریقہ، یورپ اور امریکا سے دوستانہ اور کاروباری تعلقات ہیں، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اے آئی میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے، پالیسی ریٹ ساڑھے 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آگیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ شاندار ایونٹ میں آکر خوشی ہوئی، چین، افریقا، یورپ، امریکا اور دیگر ملکوں کے نمائندگان کو دیکھ کر خوشی ہوئی، ہمارے ان ملکوں کے ساتھ شاندار دوستانہ اور کاروباری تعلقات ہیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ وزیر تجارت سمیت متعلقہ محکموں کو شاندار ایونٹ پر مبارکباد دیتا ہوں، معاشی طور پر مستحکم پاکستان ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انجینئرنگ، زراعت اور معدنیات میں بڑا پوٹینشل ہے، پاکستان میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، نوجوان خود کو جدید تکنیک اور پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت اللہ نے پاکستان کو قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ نمائش میں زرعی مشینری، قیمتی پتھر، ادویات اور دیگرشاندار اسٹالز ہیں، ہمیں جدت، تحقیق اور ترقی کی طرف جانا ہے۔