غزہ پر اسرائیلی مظالم‘ جماعت اسلامی‘ مرکزی مسلم لیگ کا آج ملک گیر یوم احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 21st, March 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ امریکی پشت پناہی سے غزہ میں جاری اسرائیلی سفاکیت کے خلاف آج ملک گیر احتجاج ہو گا۔ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ اور چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز میں امریکی قونصل خانوں کی جانب مارچ بھی کیا جائے گا۔ نواز شریف، بلاول بھٹو اور عمران خان امریکہ کی مذمت کریں۔ انتظامی مشینری پرامن مارچ کا راستہ نہ روکے، یہ عوام کا جمہوری آئینی حق ہے، تمام حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان بھی اہل فلسطین کے حق کے لیے ہونے والے احتجاج کا حصہ بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام بھی آج فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی اور غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا۔ خطبات جمعہ میں علماء کرام غزہ کے مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کے عنوان پر پڑھائیں گے۔ بعد نماز جمعہ کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ سحر و افطار پروگراموں میں بھی فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی جائے گی۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے ملک بھر کے علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج جمعہ کو خطبات جمعہ کے دوران اسرائیلی مظالم کو بیان کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کے ساتھ
پڑھیں:
جماعت اسلامی کا یکجہتی فلسطین مارچ، اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ، ریڈ زون سیل
جماعت اسلامی کی کال پر اسلام آباد میں آج یکجہتی فلسطین مارچ کیا جائے گا، اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، ریڈ زون اور توسیع شدہ ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا ہے۔جماعت اسلامی نے اسرائیلی دہشت گردی کا شکار غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں آج اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین مارچ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔تاہم ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے جماعت اسلامی کے یکجہتی فلسطین مارچ کے شرکاء سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت نے احتجاج کرنے یا اکسانے والوں کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف پیس فل اسمبلی اور پبلک ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ریڈ زون میں پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی، دیگر صوبوں سے بھی پولیس کی اضافی نفری بھی منگوا لی گئی ہے۔دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں وفاقی وزرا سے آج اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین مارچ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی حق نہیں کہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی مارچ کو روکے، جماعت اسلامی کا فلسطین سے اظہار یکجہتی مارچ پرامن ہوگا، حکومت رکاوٹیں کھڑی کرکے پوری دنیا میں رسوا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت آج اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین ریلی روکنے سے اجتناب کرے، فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئی نوگوایریا نہ بنایا جائے۔لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ کویت کا اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان پوری امت کی ترجمانی ہے۔