بھارتی تاریخ کی مہنگی ترین شادی جس کا ریکارڈ امبانی خاندان بھی نہیں توڑ سکا
اشاعت کی تاریخ: 20th, March 2025 GMT
نئی دہلی: بھارت کی تاریخ میں سب سے مہنگی شادی کا اعزاز کسی امبانی کو نہیں بلکہ سابق کرناٹک وزیر جناردھن ریڈی کو حاصل ہوا، جنہوں نے 2016 میں اپنی بیٹی برہمانی کی شادی پر1600 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد خرچ کیے۔
یہ شاندار تقریب 16 نومبر 2016 کو ہوئی، جس میں تقریباً 50,000 مہمانوں نے شرکت کی۔ شادی کی تقریبات پانچ دن تک جاری رہیں، جبکہ اس کے شاہانہ انتظامات پر پورے ملک میں چرچا رہا۔
جناردھن ریڈی نے اپنی بیٹی کی شادی کو یادگار بنانے کے لیے بنگلورو کے فائیو اسٹار اور تھری اسٹار ہوٹلوں میں 1,500 کمرے بک کروائے۔ شادی کا پنڈال وجے نگر سلطنت کے شاہی مندروں سے متاثر ہو کر ڈیزائن کیا گیا، جسے بالی ووڈ کے ماہر آرٹ ڈائریکٹرز نے تیار کیا تھا۔
برہمانی کا عروسی لباس بھی بے حد قیمتی تھا۔ انہوں نے معروف ڈیزائنر نیتا للو کی تیار کردہ لال کانچی ورم ساڑھی زیب تن کی، جس کی مالیت 55 کروڑ روپے تھی۔ اس ساڑھی پر خالص سونے کے دھاگے سے کڑھائی کی گئی تھی، جو اسے نایاب اور انتہائی قیمتی بناتی تھی۔
برہمانی کی زیورات کی کلیکشن بھی ناقابل یقین تھی۔ 80 کروڑ روپے کا ہیروں سے جڑا چوکر ہار، ہیروں سے جڑی مانگ ٹیکا اور پنچڈالہ زیور یہاں تک کہ ان کی چوٹی بھی ہیرے جڑے زیورات سے مزین تھی۔ ان کے مجموعی زیورات کی مالیت تین ارب روپے بتائی جاتی ہے، جبکہ عروسی میک اپ پر بھی ایک کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔
مہمانوں کو شادی میں شاہی پروٹوکول دیا گیا۔ 40 بیل گاڑیاں اور 2,000 لگژری ٹیکسیاں مہمانوں کو لے جانے کے لیے استعمال ہوئیں۔ 15 ہیلی کاپٹرز بھی مہمانوں کی آمدورفت کے لیے کرائے پر لیے گئے۔
شاہی ضیافت میں 16 مختلف اقسام کی مٹھائیاں پیش کی گئیں، جبکہ ہر پلیٹ کی قیمت تقریباً 3,000 روپے تھی۔
اس غیر معمولی شادی نے ملک بھر میں ہلچل مچا دی، خاص طور پر اس لیے کہ یہ شادی اس وقت ہوئی جب پورا بھارت نوٹ بندی (Demonetization) کے بحران سے گزر رہا تھا۔ جناردھن ریڈی کو بے تحاشا دولت خرچ کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اور کئی سیاسی جماعتوں نے ان کے اثاثوں پر سوالات اٹھائے۔
حال ہی میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کو بھارت کی مہنگی ترین شادی قرار دیا جا رہا ہے، جس پر مبینہ طور پر 600 ملین ڈالر خرچ کیے گئے۔ تاہم، جناردھن ریڈی کی بیٹی کی شادی آج بھی بھارت کی پرتعیش ترین شادیوں میں شمار کی جاتی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جناردھن ریڈی کی شادی
پڑھیں:
امریکہ کے نائب صدر کا دورہ بھارت اور تجارتی امور پر مذاکرات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 21 اپریل 2025ء) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج پیر کی صبح نئی دہلی پہنچے جن کی شام کے وقت بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں دیگر اہم امور کے ساتھ ہی دو طرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت توجہ مرکوز رہنے کا امکان ہے۔
امریکی نائب صدر وینس اپنی اہلیہ کے ساتھ بھارت آئے ہیں، جو بھارتی نژاد ہیں اور ان کا تعلق ریاست آندھرا پردیش سے ہے۔
صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں اس دورے کو اہم سمجھا جا رہا ہے، یاد رہے کہ یہ امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی جنگ کے درمیان ہو رہا ہے۔بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ "فریقین کو دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گا" اور ملاقات کے دوران دونوں رہنما "باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی امور کی پیش رفت پر خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
(جاری ہے)
"امریکی ادارے کا بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' پر پابندی کا مطالبہ
وزیر اعظم مودی کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں فروری میں مودی کے دورہ امریکہ کے دوران طے پانے والے دو طرفہ ایجنڈے کی پیش رفت پر توجہ مرکوز کرنے کا امکان ہے۔ اس ایجنڈے میں دو طرفہ تجارت میں "انصاف پسندی" اور دفاعی شراکت داری میں توسیع جیسے امور شامل ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے، "ہم بہت مثبت ہیں کہ یہ دورہ ہمارے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔"
بھارت کے لیے اہم کیا ہے؟امریکہ بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ امریکی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس دونوں ممالک کی باہمی تجارت 129 بلین ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جس میں بھارت کے حق میں 45.7 بلین ڈالر کا سرپلس ہے۔
مودی ان پہلے عالمی رہنماؤں میں شامل ہیں، جنہوں نے دوسری بار اقتدار سنبھالنے کے بعد صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔ بھارتی حکومت نے امریکہ سے برآمد کی جانے نصف سے زیادہ اشیا پر ٹیرف میں کمی کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔
ٹرمپ کا بڑے پیمانے پر عالمی ٹیرف کا اعلان، پاکستان بھی متاثر
مودی اور ٹرمپ کے درمیان اچھے تعلقات کا ذکر عام بات ہے، البتہ امریکی صدر نے بھارت کو "ٹیرف کا غلط استعمال کرنے والا" اور "ٹیرف کنگ" تک کہا ہے۔
ٹرمپ نے بھارتی درآمدات پر 26 فیصد ٹیرف کا اعلان کیا ہے، جس پر فی الوقت 90 دنوں تک کے لیے روک لگی ہوئی ہے اور اس سے بھارتی برآمد کنندگان کو عارضی راحت بھی ملی ہے۔
امریکی نائب صدر وینس اس ماہ بھارت کا دورہ کریں گے
وینس کے دورہ بھارت کے ساتھ سے نئی دہلی کو اس بات کی امید ہے کہ 90 دن کے وقفے کے اندر ہی ایک تجارتی معاہدہ ہو جائے گا۔
بھارت رواں برس کواڈ سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے والا ہے اور وینس کے دورے کو اس طرح بھی دیکھا جا رہا ہے کہ اس سے بھارت میں ٹرمپ کی میزبانی کا راستہ بھی ہموار ہو سکتا ہے۔ کواڈ میں امریکہ، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
ادارت رابعہ بگٹی