جماعت اسلامی کے پی کے امیر نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اس کا فائدہ عوام کو منتقل نہ کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ دو ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اس کا فائدہ عوام کو منتقل نہ کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ دو ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں جبکہ حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں دور دور تک عوام کو ریلیف کی فراہمی نظر نہیں آتی، عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کے پیش نظر حکومت پاکستان ہر پندرہ روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرتی ہے اس وقت عالمی مارکیٹ میں گزشتہ دو ماہ کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے جبکہ حکومت پاکستان نے گزشتہ ماہ چند پیسوں کی کمی کرکے عوام کے جیبوں پر ڈاکہ ڈالا اور اب ایک بار پھر اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر نرخ میں 14 روپے کمی کی سفارش کے باوجود حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کی نوید سنائی جوکہ قوم کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔

انہوں کہا ہے کہ اس وقت ملک میں سرکاری سطح پر بدترین کرپشن جاری ہے، حکومت کرپشن پر قابو پانے کے بجائے غیرملکی قرضوں پر انحصار کررہی ہے اور یہ قرضے عالمی مالیاتی اداروں سے شرمناک شرائط پر حاصل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک سمیت دیگر عالمی مالیاتی ادارے حکومت پاکستان کو ایسے شرائط پر قرضے دے رہی ہیں کہ حکومت قرضوں کی واپسی کے لئے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالے اور حکومت ہر ماہ بجلی اور گیس کے فی یونٹ نرخوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہر پندرہ روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے سارا ملبہ عوام پر گرارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہونے کے باوجود حکومت اس کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کررہی جوکہ عوام دشمنی کی انتہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ کے مطابق کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

.