مفتی منیر شاکر کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
اشاعت کی تاریخ: 17th, March 2025 GMT
سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ میں اس بزدلانہ دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شدت پسند عناصر ان جری اور نڈر مبلغین سے خوفزدہ ہیں جو اتحاد، اخوت اور حق کی شمع روشن کیے ہوئے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مفتی منیر شاکر کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، جس پر میرا دل افسردہ اور روح مغموم ہے۔ میں اس بزدلانہ دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شدت پسند عناصر ان جری اور نڈر مبلغین سے خوفزدہ ہیں جو اتحاد، اخوت اور حق کی شمع روشن کیے ہوئے تھے۔ مفتی منیر شاکر اتحاد بین المسلمین کے ایک عظیم علمبردار تھے، جنہوں نے اپنی زندگی امت کے اتحاد، بھائی چارے اور امن کے فروغ کے لیے وقف کر دی تھی۔
انکا کہنا تھا کہ مفتی منیر شاکر کی شہادت نہ صرف علمی و روحانی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے بلکہ معاشرے کے ان عناصر کے لیے بھی ایک سوالیہ نشان ہے جو نفرت کے بیوپاری ہیں اور امن کے پیامبروں سے خائف رہتے ہیں۔میں حکومتِ وقت سے پرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ اس سفاکانہ جرم میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے اور ایسے جید علماء و مبلغین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جو اخوت، محبت اور ہم آہنگی کے علمبردار ہیں۔اللہ تعالیٰ مفتی منیر شاکر کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین و عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مفتی منیر شاکر
پڑھیں:
علامہ اقبال ؒکا پیغام اُمید، اتحاد اور خودی کا ہے، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ نے مزارِ اقبالؒ پر حاضری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار عملی زندگی میں کامیابی کی کنجی ہیں، علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، علامہ اقبالؒ کا احسان قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ اسلام ٹائمز۔ شاعر مشرق حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے یوم وفات کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزار اقبال پر حاضری دی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ محسن نقوی نے ملکی سالمیت، ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی درج کئے اور علامہ اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ کا احسان قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، علامہ اقبال ؒکا پیغام اُمید، اتحاد اور خود داری کا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار عملی زندگی میں کامیابی کی کنجی ہیں، علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔