کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں اہلکار شہید، 5 افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 15th, March 2025 GMT
کوئٹہ:
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کرانی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار شہید جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ میں واقع بروری کے علاقے کرانی میں پولیس موبائل کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد امدادی ٹیموں اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچی۔
امدادی کارکنوں نے وقوعہ سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے شواہد اکھٹے کیے۔ دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا ہے جبکہ پانچ زخمی ہوئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کوئٹہ کے علاقے کرانی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ اُن کی تمام تر ہمدردیاں شہید پولیس اہلکار اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد زخمی، 50 مویشی ہلاک
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چرواہے اپنے مویشیوں سمیت کھلے علاقے میں موجود تھے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے تقریباً 50 مویشی بھی ہلاک ہوگئے، جس سے متاثرہ خاندانوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب، لوئر چترال میں آنے والے زلزلے کے جھٹکوں سے ایک گھر اور ایک اسکول کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے بعد نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں علاقے میں روانہ کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Post Views: 1