ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری،فصلیں تباہ
اشاعت کی تاریخ: 15th, March 2025 GMT
ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ،بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچا ،نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ،بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ۔ پنجاب کے مختلف شہروں فیصل آباد، فورٹ منرو، کوہ سلیمان، عارف والا، پاکپتن،صادق آباد ،اوچ شریف، وہاڑی اور پتوکی میں بھی موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے موسم کو سرد کر دیا۔ کوہ سلیمان کے مختلف علاقوں سمیت سخی سرور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، کوہ سلیمان فورٹ منرو سخی سرور میں موسم سرد ہوگیا ہے۔ عارف والا اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادار بارش کی وجہ سے میپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے،شہری بجلی سے محروم ہو گئے ، پاکپتن اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ وہاڑی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، بارش برسنے سے رمضان المبارک مزید ٹھنڈا ہوگیا، فیصل آباد اور پتوکی میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی،،سرسوں،چنے اورگندم کی فصل کو نقصان پہنچا ۔قصور،چکوال، اٹک، گجرات، جہلم میں بھی ابر رحمت ہوئی، بعض علاقوں میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بارش ہوئی ، خیبرپختونخوا کے علاقے مینگورہ ، مالم جبہ ،چترال، کالام، بالاکوٹ اور بنوں میں بھی بارش سے موسم سرد ہوگیا، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، بالائی علاقوں میں برفباری نے سماں باندھ دیا، وادی نیلم میں برف باری کے بعد بالائی وادی کی رابطہ سڑکیں بدستور بند رہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
اسلام آباد، راولپنڈی میں اگلے چند گھنٹوں تک بارش، تیز ہواؤں کیساتھ ژالہ باری کا امکان، الرٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں اگلے 8-10 گھنٹوں تک بارش اور تیز ہوائیں کے ساتھ ژالہ باری جاری رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیان کے مطابق شدید بارش اور تیز ہواؤں سے درخت گرنے اور بجلی بند ہونے کا خدشہ ہے، آندھی اور اولوں کے باعث کمزور تعمیرات اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
بیان کے مطابق سڑکوں پر بارش کے باعث حدِ نگاہ کم، حادثات کا امکان بڑھ سکتا ہے، موسمی حالات سے آگاہ رہیں، بروقت اگاہی کے لیے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ کو فالو کریں۔
این ڈی ایم اے نے کہا کہ سفر سے پہلے ٹریفک کی صورتحال چیک کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، لینڈ سلائیڈ کے خطرے والے علاقوں میں محتاط رہیں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
دوسری جانب شہریوں نے اتوار کو ہلکی ژالہ باری اور بارش کے دوران گاڑیوں کو چھتوں تلے محفوظ کرنا شروع کردیا جب کہ جڑوں شہروں میں ہلکی بارش اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔