Daily Ausaf:
2025-04-22@09:44:55 GMT

سانجھی خوشیاں

اشاعت کی تاریخ: 15th, March 2025 GMT

مذہب، تہذیب، تمدن اور ثقافت کسی بھی معاشرے کے بنیادی ستون ہوتے ہیں۔ انہی کی کوکھ سے روایات، اقدار اور رسومات جنم لیتی ہیں، جو فرد کے انفرادی اور اجتماعی رویوں کی صورت میں ڈھلتی ہیں۔ یہ وہ رنگ ہیں جن سے معاشرتی زندگی کی حسین تصویر مکمل ہوتی ہے۔ انہی کے سائے میں لوگ باہمی غم اور خوشی کے جذبات محسوس کرتے ہیں اور ان کا احترام کرنا اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ یہی احساسِ یگانگت اور اخوت درحقیقت سانجھے غموں اور سانجھی خوشیوں کی روح کو جنم دیتا ہے، جو کسی بھی معاشرتی نظام کے حسن و وقار کا عکاس ہوتا ہے۔
ماضی میں دیہات کی گلیاں، چوپالیں اور دارے اس جذبے کے عملی مظہر ہوا کرتے تھے۔ چارپائیوں پر بیٹھے بزرگ، صدیوں کی دانائی اپنے لبوں پر سجائے، حقے کے کش لگاتے ہوئے کسی نہ کسی مسئلے کاحل نکال رہے ہوتے۔ مسائل کو تدبر اور حکمت کی روشنی میں سلجھایا جاتا، تنازعات افہام و تفہیم سے حل کیے جاتے، اور یوں ایک دوسرے کے دکھ سکھ سانجھے ہوتے۔ مگر افسوس! آج کے دور کی خود غرضی، مادہ پرستی، اور معاشرتی دوری نے سانجھی خوشیوں کی ان لطیف روایات کو قصہ پارینہ بنا دیا ہے۔
مجھے وہ دن یاد آتے ہیں جب گائوں میں کسی کے ہاں ننھے چراغ کی آمد ہوتی تو یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل جاتی۔ لوگ جوق در جوق مبارکباد دینے پہنچ جاتے۔ گھر میں حلوائی بلا کر مٹھائیاں اور جلیبیاں تیار کی جاتیں، جو پورے گائوں میں بانٹی جاتیں۔ یوں کسی ایک گھر کی خوشی، پورے گائوں کی خوشی بن جاتی۔ شادی بیاہ کی تقریبات میں محبتوں کے وہ رنگ بکھرتے کہ دل خوشی سے سرشار ہو جاتا۔ کئی ہفتے پہلے ہی محلے کی خواتین ہر رات شادی والے گھر میں جمع ہوتیں، ڈھولک کی تھاپ پر مایوں، ٹپے اور لوک گیتوں سے فضا کو سریلا کر دیتیں۔ ہنسی مذاق، قہقہے، اور محبت بھری نوک جھونک محفل کو سجا دیتی۔ ہر طرف ایک مسکراہٹ بھری چہکار سنائی دیتی۔ شادی کے انتظامات میں نوجوان لڑکے، گھر کے افراد کے ساتھ مل کر رضاکارانہ خدمات انجام دیتے۔ چارپائیاں، بسترے، برتن، کرسیاں، تنبو، قناتیں سب کچھ مل بانٹ کر لایا جاتا۔ مہمانوں کی میزبانی کو ہر کوئی اپنی ذمہ داری سمجھتا۔ اور یوں، اجتماعی خوشی کا ایک ایسا منظر ابھرتا جس میں ہر فرد شامل ہوتا۔
عید کی آمد کے ساتھ ہی خوشیوں کی ایک نئی بہار آ جاتی۔ گھروں میں سوجی اور آٹے کی سویاں دھوپ میں خشک ہونے لگتیں، درزی کی دکان پر رش بڑھ جاتا، بازاروں میں چمکیلے جوڑے اور رنگ برنگی چوڑیاں خوشیوں کی نوید سناتیں۔ نمازِ عید کے بعد لوگ گلے ملتے، ناراضیاں ختم ہوتیں، محبتوں کی نئی راہیں کھلتیں۔ گھروں میں سادہ مگر پرتپاک ضیافتوں کا اہتمام ہوتا، محلے بھر میں ختم درود کا اہتمام کر کے کھانے بانٹے جاتے، اور یوں محبتوں کی میٹھی باس فضا میں گھل جاتی۔ بچپن کی عیدیں وہ ہوا کرتی تھیں، جب گلیوں میں بچے ہاتھوں میں رنگ برنگے غبارے، باجے اور کھلونے لیے دوڑتے پھرتے۔ چھوٹے بڑے سب رنگین کپڑوں میں ملبوس، خوشی اور جوش سے سرشار ہوتے۔ گاں کے باہر درختوں پر سترنگی پینگیں ڈال دی جاتیں۔ جب دلکش رنگوں میں سجی لڑکیاں ان پینگوں پر جھولتی، تو لگتا جیسے قوسِ قزح جھوم رہی ہو۔
فصل کٹائی کا وقت آتا تو دیہات میں اخوت و محبت کا ایک اور بے مثال نظارہ دیکھنے کو ملتا۔ محنت کش کسان ایک دوسرے کی مدد کے لیے کمربستہ ہوتے۔ کھیتوں میں ڈھول بجائے جاتے، جوش و خروش سے لبریز کسان اجتماعی طور پر فصل کاٹتے، اور پسینے کی خوشبو میں محبت کی مٹھاس گھل جاتی۔ اس دوران بڑی دیگیں پکائی جاتیں، اور ہر کوئی بھینی بھینی خوشبو میں لپٹے پکوانوں سے لطف اندوز ہوتا۔ کھلیانوں میں فصل کی اونچی گانٹھوں کے درمیان محفلیں سجتیں، اور یوں سانجھی خوشیوں کی یہ روایت مزید نکھر جاتی۔ کھیلوں کے میلوں میں بھی گائوں کی ایک جہت نظر آتی۔ کبڈی، کشتی، بیل دوڑ، گھڑ دوڑ یہ سب صرف کھیل نہ تھے، بلکہ گائوں کی مشترکہ خوشی کا حصہ تھے۔ جب اپنی ٹیم جیتتی، تو پورا گائوں جھوم اٹھتا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے پڑتے، اور خوشیوں کے رنگ بکھرتے۔ مگر افسوس! یہ سب اب خواب و خیال ہوچکا ہے۔ آج، چراغ لے کر ڈھونڈیں تو بھی وہ خوشیاں نہیں ملتیں۔ مادہ پرستی، نفسا نفسی، اور انفرادیت پسندی نے ہماری انمول روایات کو ہم سے چھین لیا ہے۔ وہ محبتیں، وہ بے لوث جذبے، وہ سانجھی خوشیاں سب قصے کہانیاں بن چکی ہیں۔
کاش! وقت کا پہیہ پلٹ جائے۔ کاش! ہم پھر سے محبتوں اور خلوص کے اسی سنہری دور میں لوٹ جائیں، جہاں خوشیوں کو سانجھا کرنے کا رواج عام ہو، جہاں قہقہے بکھرتے ہوں، محبتیں پھیلتی ہوں، اور چہروں پر صرف خوشیوں کے رنگ جھلملاتے ہوں۔
آئو، پھر سے وہی نعرہ بلند کریں:”اک پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں، سانجھی اپنی خوشیاں اور غم ایک ہیں!”

.

ذریعہ: Daily Ausaf

کلیدی لفظ: خوشیوں کی اور یوں

پڑھیں:

’بیٹھنے میں جہاں زمانے لگے‘، برسوں پیسہ جوڑ کر فراری خریدنے والے کی خوشی چند منٹوں کی نکلی

جاپان کے ایک شخص نے 10 سال پیسے جمع کرکے نئی فراری خریدی لیکن وہ ایک گھنٹہ بھی اس کا لطف نہیں اٹھا سکا۔

جاپانی سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک نوجوان میوزک پروڈیوسر ہونکون کی افسوسناک کہانی کے چرچے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چار دروازوں والی فراری کی پہلی گاڑی میں اور کیا خاص ہے؟

ہونکون نے 10 برس تک پیسے جوڑ کر اپنی ڈریم کار فراری 458 اسپائیڈر خریدی لیکن گاڑی لینے کے ایک گھنٹے کے اندر ہی پہلی ہی ڈرائیو کے وقت وہ جل کر خاک ہوگئی۔

اپنی دردناک کہانی بیان کرتے ہوئے ہونکون نے بتایا کہ وہ اپنی ڈریم کار سے صرف چند منٹوں کے لیے ہی لطف اندوز ہو سکا کیونکہ اس میں 16 اپریل کو اس وقت آگ لگ گئی جب وہ اسے ٹوکیو میں شوٹو ایکسپریس وے پر چلا رہا تھا۔

وہ جب اپنی 458 اسپائیڈر کو چلاکر نکلا تو اس میں سے سفید دھواں اٹھنے لگا۔ پہلے تو اس نے سوچا کہ یہ دھواں اس کے ساتھ والی کار سے آرہا ہے لیکن جیسے ہی وہ گاڑی دور گئی یہ واضح ہوگیا کہ دھواں اس کی فراری سے ہی اٹھ رہا ہے تو ہونکون نے گاڑی روک دی اور فائر بریگیڈ کو فون کرکے مدد بلالی۔

پھر جب تک آگ بجھانے والی گاڑی وہاں پہنچتی اگلے 20 منٹ تک اس نے اپنے خوابوں کو جلتے دیکھا، اس کی آنکھوں کے سامنے اس کی برینڈ نیو فراری جل کر مکمل تباہ ہوچکی تھی۔

مزید پڑھیے: 28 سال قبل چوری ہونے والی ’فیراری‘پولیس نے بالآخر ڈھونڈ نکالی

ہونکون نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں جاپان میں واحد شخص ہوں جسے اس طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہونکون نے X پر جلتی ہوئی کار کی تصویر کے کیشپشن میں لکھا کہ میں نے 43 ملین ین (3 لاکھ 6 ہزار امریکی ڈالر) خرچ کیے اور مجھے صرف یہ تصویر ملی۔

ٹوکیو میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہونکن کی فراری پر کسی ٹکر کا کوئی نشان نہیں ہے لیکن تحقیقات ابھی جاری ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ آگ گاڑی کے انجن میں لگی تاہم وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

مزید پڑھیں: چینی کمپنی بی وائی ڈی الیکٹرک کاروں کی ملکہ ٹیسلا کو کس طرح مات دے رہی ہے؟

تاہم اپنی بدقسمتی پر بیحد غمگین جاپانی آئیڈل گروپ چوکورابی کے پروڈیوسر ہونکون کا یہ بھی کہنا ہے کہ بہرحال میں زندہ بچ جانے پر خوش ہوں کیوں کہ گاڑی دھماکے سے پھٹ بھی سکتی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

جاپان کا بدقسمت شخص فراری نئی فراری جل گئی

متعلقہ مضامین

  • پاکستان میں عطیہ چشم کا فقدان، سری لنکا کی فیاضی
  • ’بیٹھنے میں جہاں زمانے لگے‘، برسوں پیسہ جوڑ کر فراری خریدنے والے کی خوشی چند منٹوں کی نکلی
  • سائرہ یوسف نے بیٹی نورے کے ساتھ منائی سالگرہ : خوشیوں بھری تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
  • حادثہ ایک دم نہیں ہوتا
  • ایسٹر امید کی علامت اور خوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے: محسن نقوی
  • پشاور: شادی کی خوشی میں فائرنگ کرنے پر دلہا کو پولیس نے گرفتار کرلیا
  • نکیال آزاد کشمیر۔۔۔ بچیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں
  • ویمنز پی ایس ایل سمیت اہم اعلانات، محسن نقوی لڑکیوں کی کارکردگی پر خوشی سے سرشار