واٹر میٹرز کی تنصیب میں تاخیر ہوئی تو ایمرجنسی نفاذ پر غور کرینگے: ہائیکورٹ
اشاعت کی تاریخ: 15th, March 2025 GMT
لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت میں پی ایچ اے کے کھالے نہ چلنے اور واسا کی جانب سے واٹر میٹرز کی تنصیب میں سست روی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باور کرایا کہ اگر واٹر میٹرز کی تنصیب کے معاملے میں مزید تاخیر کی گئی تو ایمرجنسی نافذ کرنے پر غور کیا جائے گا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ لوڈر رکشہ کو الیکٹرک وہیکل میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے۔ مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کرتے ہوئے عدالتی احکامات کی عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ عدالت نے واسا اور ٹرانسپورٹ سے متعلق مزید رپورٹیں آئندہ سماعت پر جمع کرانے کا حکم دیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے بھی لوڈر رکشہ اور آٹو رکشہ سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ اٹھارہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے میٹنگز کی گئیں اور انہیں آٹو اور لوڈر رکشہ بنانے کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے میٹنگ کرکے لوڈر رکشہ کو الیکٹرک وہیکل میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ایک کمپنی نے تجویز دی ہے کہ میٹرو سٹیشنز کو چارجنگ پوائنٹس میں بدلا جائے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: لوڈر رکشہ
پڑھیں:
جج کی رخصت کے باعث جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت پھر ملتوی
راولپنڈی( آئی این پی )بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت پھر ملتوی کر دی گئی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ پیر کوچھٹی پر تھے ، اس حوالے سے تمام ملزمان کو جج کی چھٹی سے متعلق آگاہ کر دیا گیا، سپریم کورٹ کا چار ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم ابھی عدالت نہیں پہنچا۔جج کی چھٹی کے باعث عدالت کے باہر سے پولیس کی نفری بھی واپس بھیج دی گئی جبکہ عدالت پیش ہونے والے ملزمان کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دی گئی۔ پیر کو سماعت پر دو اہم گواہان مجسٹریٹ مجتبی اور سب انسپکٹر ریاض کو پانچویں بار طلب کیا گیا تھا، مذکورہ کیس گزشتہ دو ماہ سے التوا کا شکار ہے اور اب تک 119 گواہان میں سے صرف 25 کے بیانات ریکارڈ ہو سکے ہیں۔