جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے کے بعد ہماری فورسز نے دہشتگردوں کو شکست دی، بلاول بھٹو
اشاعت کی تاریخ: 14th, March 2025 GMT
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے کے بعد ہماری فورسز نے دہشتگردوں کو شکست دی، کامیاب آپریشن کرنے پر پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں، پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے خلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا، کراچی میں سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ کیرئیر پورٹل اور ایپلی کیشن آئی ورک فور سندھ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ پاک فوج نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو شکست دی اور انہیں بے نقاب کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی شجاعت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے نہ صرف مغوی بازیاب کرائے بلکہ دہشتگردوں کا قلع قمع بھی کیا۔ جعفر ایکسپریس پر حملہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ گزشتہ دنوں دہشت گردی کا بڑا واقعہ ہوا۔اتنے مشکل علاقے میں آپریشن بہت مشکل لگ رہا تھا صوبائی حکومت اور مسلح افواج کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔مذہبی انتہا پسندی ہو یا دہشتگردی ہم ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کایہ بھی کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ زراعت ترقی کرے لیکن پانی کی تقسیم ٹھیک ہونی چاہیے۔ میں ضرور تعریف کروں گا کہ ہمارے پاس ایسا وزیر اعلیٰ ہے جو عوام کی خدمت کرتا ہے اور اپنی پرفارمنس بتاتا ہے۔ ہم نے نئے کنالز پر قومی اسمبلی میں واضح مو¿قف اختیار کیا ہے۔ پانی کے معاملے پر ہمارا موقف بالکل واضح ہے۔ تمام مسائل کا حل سیاسی انداز میں نکل سکتا ہے۔ آپ کی آواز اسلام آباد تک پہنچائیں گے۔ کچھ لوگوں کو احساس ہواہے انہوں نے تبصرہ بھی کرنا شروع کردیا ہے۔یہ کوئی نیا ایشو نہیں ہے۔ ہر وقت وزیر اعلیٰ سندھ آپ کا مقدمہ لڑتے ہیں۔ اس ایشو کو جہاں بھی اٹھایا گیا وہاں وزیر اعلیٰ سندھ نے اس کی مخالفت کی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہناتھا کہ سندھ کے نوجوانوں کی ترقی میرا وژن ہے ہم نے سندھ کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ پورے سندھ کی معیشت پرائیوٹ سیکٹر چلاتا ہے۔ روزگار کے مواقع عوام کو فراہم کرنا حکومت کا کام ہے۔ آئی ٹی کے استعمال سے آئی ورک فار سندھ پورٹل بنایا ہے۔ اس صوبے کے نوجوان اور جاب کریئیٹر کو دعوت دیتا ہوں کہ اس پلیٹ فارم پر آئیں، ماڈرن ٹیکنالوجی سے پرائیویٹ سیکٹر سے ملکر نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔ ان کایہ بھی کہنا تھاکہ سیلاب متاثرین کو صرف گھر ہی نہیں دئیے بلکہ ان کے بینک اکاونٹس بھی بنائے اور خواتین کو مالکانہ حقوق بھی دئیے۔ ہاوسنگ منصوبے کی وجہ سے 10 لاکھ آسامیاں بنیں۔ پرائیوٹ سیکٹر زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں۔3 دن پہلے وزیراعلیٰ سندھ نے ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ سندھ حکومت کی کارکردگی رپورٹ پروزیراعلیٰ سندھ اوران کی پوری ٹیم کومبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے خود اپنے منصوبوں کے بارے میں عوام کو بریف کیا۔ کل سندھ اسمبلی اجلاس میں پانی کی تقسیم پر ارکان کا موقف لیاگیا آپ کے تحفظات وفاق تک پہنچا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی دور میں 2 کینالز بنانے کا معاملہ آیا تو جام خان شورو، نثار کھوڑو نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اپنی جغرافیائی اورعلاقائی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہوگی۔ہم مثبت سیاست پریقین رکھتے ہیں۔ ہم مخالفت پر نہیں سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ ہر مسئلے کا حل سیاسی انداز میں نکل سکتا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: جعفر ایکسپریس بلاول بھٹو کرتے ہیں
پڑھیں:
نہروں کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا، منصوبہ واپس نہ لیا تو حکومت کیساتھ نہیں چلیں گے: بلاول
حیدرآباد (نوائے وقت رپورٹ)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق کینالز منصوبے کو واپس لے ورنہ پیپلزپارٹی حکومت کے ساتھ نہیں چلے گی۔ پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا عمر کوٹ میں پیپلز پارٹی کی جیت مبارک ہو، پاکستان کے عوام آج بھی شہید بینظیر بھٹو کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سندھ کے عوام نے ثابت کردیا کہ سندھ میں صرف تیر کا مینڈیٹ ہے، 17 جماعتیں ایک طرف اور پیپلز پارٹی ایک طرف تھی پھر بھی فتح ہمیں ملی۔ انہوں نے کہا حیرت تو اس بات پر ہے کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف اور ن لیگ ایک پیج پر تھے مگر عوام نے انہیں تاریخی شکست دی اور وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں، سندھ کے عوام نے کینالز منصوبہ مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا 6 میں سے دو کینالز کی منظوری قیدی نمبر 420 نے دی تھی، اس وقت بھی پیپلزپارٹی نے مزاحمت کی تھی۔ ہم عوام کی طاقت سے انکے خلاف عدم اعتماد لے کر آئے اور دو کینال کی اجازت دینے والے کوگھر بھیج دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا اگر حکومت یہ متنازعہ منصوبہ روک دے تو میں اسکے ساتھ بیٹھ کر زرعی ترقی کیلئے اگلے 50سال کے منصوبے بنانے کیلئے تیار ہوں۔چیئرمین پی پی نے کہا پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، انہوں نے کہا دہشت گرد تنظیمیں بلوچستان اور خیبر پی کے میں حملے کر رہی ہیں عین اسی وقت ایسا موضوع چھیڑ دیا گیا جس سے بھائی کے بھائی سے لڑنے کا خطرہ ہے‘ سب سے بڑھ کر یہ کہ ہمارے پیاسے مرجانے کا خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیر والوں کا ہر منصوبہ کسان دشمن ہوتا ہے، گندم سکینڈل کی وجہ سے کسانوں کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا شیر والے صرف عوام کا خون چوستے ہیں اور کچھ نہیں کرتے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ پیچھے ہٹ جاؤں گا‘ میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ہم نے شہباز شریف کو ایک بار نہیں دو بار وزیراعظم بنوایا اور کیا اب دھمکی سے پیپلز پارٹی کو ڈرایا جائے گا؟ یہ سمجھتے ہیں دھمکیوں سے ہمیں ڈرائیں گے، ہم تو ہر مشکل سہہ کر بھی پیچھے نہیں ہٹتے‘ ہم اصولوں پر سودا نہیں کریں گے۔ آپ آپنا متنازعہ کینالز منصوبہ چھوڑ دیں، میں عوام کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا‘ ہم اپنا وفاق‘ اپنا کسان اور اپنا سندھ بچائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہباز حکومت کا ساتھ چھوڑنے کی دھمکی دیدی اور کہا کہ وفاق کینالز منصوبے کو واپس لے ورنہ پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا 25اپریل کو سکھر میں پیپلزپارٹی کا تاریخی جلسہ اور احتجاج ہوگا۔