ساحر حسن درخواست ضمانت؛ سندھ ہائیکورٹ نے پولیس فائل، تفتیشی افسرکوطلب کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کی ضمانت کی درخواست پر پولیس فائل اور کیس کے تفتیشی افسر کو طلب کرلیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ساحر حسن کو زبردستی مصطفیٰ کیس سے جوڑا جا رہا ہے جبکہ یہ کیس الگ ہے۔ ملزم عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ضمانت کیلئے درخواست تو آئینی بینچ کے پاس جانا چاہیے ؟درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ درخواست ضمانت ریگولر بینچ سن سکتی ہے۔ پہلے تو ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ یہ درخواست آئینی بینچ سنے گا یا ریگولر۔ عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر اور پولیس فائل طلب کرلی۔ عدالت نے درخواست پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 19 مارچ تک ملتوی کردی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
نہروں پر قومی اتحاد کو نقصان نہ پہنچے‘ سندھ ہائیکورٹ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ سندھ اور وفاقی حکومت یقینی بنائیں کہ کینالز کے معاملے پر قومی اتحاد کو نقصان نہ پہنچے۔ سندھ ہائی کورٹ میں ارسا کی تشکیل اور نئی نہروں کی تعمیر کے لیے پانی کی دستیابی کے سرٹیفکیٹ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جہاں سیکرٹری ارسا، ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل سمیت دیگر پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے سوال کیا کہ حکمِ امتناع میں توسیع کے بعد کینالز پر کوئی کام ہورہا ہے؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ عدالتی احکامات کے بعد کینالز پر کام روکا جاچکا ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ کیا ارسا میں سندھ سے وفاقی ممبر کی تقرری ہوگئی؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا عدالتی حکم نامے میں ایسی کوئی ہدایت نہیں تھی۔ عدالت نے کہا عدالت کا حکم پہلے سے موجود ہے، اس مسئلے کو ایک بار ہی ختم کریں۔ سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ کینالز کا مسئلہ مستقل بنیاد پر حل کرنے کے لیے قانون میں ترمیم کی ضرورت ہو تو کی جائے۔ بعد ازاں عدالت نے نئی نہروں کے لیے پانی کی دستیابی کے سرٹیفکیٹ کے خلاف کیس میں وفاق کو جواب جمع کرانے کے لیے 29 اپریل تک مہلت دے دی۔