پنجاب اسمبلی:قومی اور سینیٹ کی طرز پر 2 ایوانی نظام لانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور
اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT
لاہور: پنجاب اسمبلی میں قومی اسمبلی اور سینٹ کی طرز پر دو ایوانی نظام لانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ اجلاس میں حکومتی اتحادی پی پی پی کی رکن شازیہ عابد کے بیٹے اور بھانجی کو لاہور پولیس کی جانب سے ہراسان اور مبحوس رکھنے پر صوبائی اسمبلی پولیس کے خلاف یک آواز ہوگئی۔ اپوزیشن لیڈر نے حکومت کی زرعی پالیسی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس حسب روایت تین گھنٹے پچاس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، تاہم صوبائی وزراء اور متعلقہ پارلیمانی سیکرٹری کی عدم موجودگی کے باعث وقفہ سوالات ملتوی کردیا گیا۔
زیرو آور کے دوران بات کرتے ہوئے پی پی پی کی رکن شازیہ عابد نے نشاندھی کی کہ جوہر ٹاؤن پولیس نے ان کے بیٹے کو یونیورسٹی سے واپسی کے دوران غیرقانونی طور پر حراست میں رکھا اور رہا کرنے کیلئے دو لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پرمعاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا۔
اجلاس میں حکومتی رکن امجد علی جاوید نے پنجاب کو بہتر انتظامی طور پر چلانے کیلئے وفاق کی طرز پر دو ایوان پر مشتمل نظام قائم کرنے کیلئے قرار داد پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
پنجاب اسمبلی میں صوبے میں گندم کی کاشت پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کے باعث کسان بدترین حالات سے دوچار ہے، جبکہ وزیر زراعت عاشق کرمانی نے کہا کہ صوبہ میں ساڑھے چھ لاکھ کسانوں کو کسان کارڈ دیا جا چکا ہے جس سے اب تک پچاس ارب روپے کی خریداری کی گئی ہے۔
حکومتی رکن امجد علی جاوید نے مزدور کی کم ازکم تنخواہ سینتیس ہزار روپے پر عمل درآمد نہ ہونے پر محکمہ تعلیم اور دیگر سرکاری اداروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
ایجنڈا مکمل ہونے پرپنجاب اسمبلی کا اجلاس بروز بدھ صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پنجاب اسمبلی
پڑھیں:
سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا:ایاز صادق
اسلام آباد(خبرنگار)سعودی عرب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی شوری کونسل کے چیئرمین نے پاکستانی پارلیمانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پرتپاک خیر مقدم کرنے ان کا شکریہ کیا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات مثالی، گہرے اور وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والے ہیں۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔پاکستان کی عوام اور حکومت سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات پر فخر محسوس کرتے ہیں، اور وقت گزرنے کے ساتھ ان تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے۔سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ملاقات میں عالم اسلام کے اتحاد، یکجہتی اور امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی ۔سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے سعودی عرب کے گرینڈ مفتی، شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر اسلامی تعلیمات کی اصل روح اور اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔