شہباز شریف کا شوگر مافیا سے مقابلہ، کون ہوگا کامیاب؟
اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) شوگر سیکٹر میں پہلے بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری ہوتی تھی جو اس بات سے ثابت ہے کہ اس شعبے میں جیسے ہی نیا نافذ کردہ مانیٹرنگ اینڈ انفورسمنٹ سسٹم آیا ہے ٹیکس وصولیوں میں 54؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، چونکہ چینی کی فروخت پر سیلز ٹیکس عائد کیا جاتا ہے لہٰذا جنوری اور فروری 2025 میں 24ارب روپے اکٹھے ہوئے ہیں، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران صرف 15؍ ارب روپے جمع ہو پائے تھے۔
چینی کی مستحکم فروخت کے حجم کے باوجود اس وصولی میں 54؍ فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ملک میں شوگر انڈسٹری پر سیاسی اثر رسوخ نمایاں ہے، بالخصوص پنجاب اور سندھ میں حکمران شریف فیملی کے ارکان سمیت کئی سیاست دان شوگر مل مالکان ہیں۔
ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم شہباز شریف شوگر سیکٹر میں ٹیکس چوری کیخلاف ہفتہ وار بنیادوں پر ایف بی آر کے کریک ڈائون کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ایف بی آر کی کارروائی کا بظاہر ردعمل یہ ہے کہ شوگر کارٹیل مبینہ طور پر اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں اضافے کا بندوبست کر چکی ہے۔
ایک ذریعے نے بتایا (جس کی تصدیق ایک وفاقی وزیر نے بھی کی ہے) کہ شوگر کارٹیل کے اس اقدام کے جواب میں وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر شوگر مل مالکان نے اپنا رویہ ٹھیک نہ کیا تو بیرون ملک سے خام چینی درآمد کرنے پر غور کیا جائے۔
حکام نے شوگر انڈسٹری میں ٹیکس چوری کیخلاف کریک ڈائون تیز کر دیا ہے، جاری کرشنگ سیزن کے دوران ٹریک اینڈ ٹریس مہر والے ایک لاکھ خالی تھیلے ضبط کیے گئے ہیں۔ یہ فراڈ مبینہ طور پر پیداواری ریکارڈ میں ہیرا پھیری اور ٹیکس سے بچنے کیلئے کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، حالیہ نفاذ کے اقدامات کے تحت 6؍ شوگر ملوں میں دس شیوٹس / ہاپرز کو سیل کر دیا گیا ہے۔ ان میں سے دو ہاپر نگرانی کے سرکاری نظام سے منسلک نہیں تھے جنہیں پہلے سیل اور اس کے بعد ختم کر دیا گیا۔
شوگر انڈسٹری سے متعلق انفارسمنٹ کے تازہ ترین اقدامات کے ایک حصے کے طور پر، ایف بی آر ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک اور انٹیلی جنس بیورو کے مشترکہ آپریشن کے نتیجے میں 52؍ ہزار 410؍ چینی کے تھیلوں کو تحویل میں لیا گیا جنہیں ٹیکس اور 125؍ ملین روپے سے زائد کے جرمانے کی وصولی کے بعد واپس کیا گیا۔
مزید برآں، حکام نے سیلز ٹیکس کے واجبات کی مد میں 70؍ کروڑ روپے کی وصولی کیلئے 3؍ شوگر ملوں کے گودام بند کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ٹیکس وصولی کے گزشتہ برسوں کی دو ارب روپے سے زائد کی واجبات کی ریکوری کی گئی ہے۔
دریں اثنا، موجودہ سیزن کیلئے چینی کی کل پیداوار 57؍ لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، جب گزشتہ سال کے اسٹاک کو ملایا جائے تو یہ مقدار ملکی ضروریات کیلئے کافی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے بعد، ایف بی آر نے 2024-25ء کے کرشنگ سیزن کے آغاز پر پیداوار کی نگرانی کا بہتر نظام شروع کیا۔
فی الحال، ٹیکس چوری کو روکنے کیلئے نگرانی کے 5؍ طریقہ کار موجود ہیں: اول، پیداوار کی نگرانی کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس مہریں۔ دوم، چینی کے تھیلوں کی تعداد کو ٹریک کرنے کیلئے ہاپرز پر خودکار کائونٹرز کی موجودگی۔
سوم، انتہائی درست انداز سے وقت کا تعین کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈنگ اور ڈیجیٹل آئی کائونٹنگ سسٹم کی موجودگی۔ چہارم، چینی کی ترسیل کی نگرانی کیلئے ایس ٹریک انوائسنگ سسٹم کی موجودگی، اور پنجم، سائٹ پر موجود مینوفیکچرنگ اور فروخت کی نگرانی کرنے والا ایف بی آر کا عملہ۔ ایف آئی اے اور آئی بی والے بھی شفافیت کو یقینی بنانے کی خاطر کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ ملزمان کو روکنے کیلئے شوگر ملوں میں تعینات ایف بی آر افسران کو ہر دس دن بعد تبدیل کر دیا جاتا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کی نگرانی اور اعلیٰ حکام کی جانب سے سرپرائز انسپکشن کی وجہ سے نگرانی مزید سخت ہو جاتی ہے۔
حکام اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا چینی اصل ڈسٹری بیوٹرز کو فروخت کی جا رہی ہے یا قیمتوں میں ہیرا پھیری کی خاطر ذخیرہ کی جا رہی ہے۔ انفورسمنٹ نیٹ ورک اب پوری سپلائی چین کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ ٹیکس چوری یا ہر طرح کی ذخیرہ اندوزی کو روکا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ جاری کریک ڈائون شوگر انڈسٹری میں مالی بدانتظامی روکنے اور ٹیکس چوری سے ہونے والے نقصان کو کم کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انصار عباسی
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ذرائع کے مطابق شوگر انڈسٹری ٹیکس چوری کی نگرانی ایف بی ا ر چینی کی کر دیا
پڑھیں:
جولائی 2024سے 2025: ٹیکسٹائل برآمدات میں 9.38فیصد : درست معاشی پالیسیوں کا ثبوت ‘ وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +آئی این پی+ این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستانی معیشت کیلئے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے اور جولائی 2024ء سے مارچ 2025ء کے دوران برآمدات میں9.38 فیصد اضافے کے ساتھ13.613 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ اس نمایاں کارکردگی پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسٹائل انڈسٹری اور نجی شعبے کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صرف مارچ 2025 ء میں برآمدات میں6.27 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جو کہ نہ صرف حکومتی معاشی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی معیشت کی مضبوطی اور عالمی منڈیوں میں مصنوعات کی مانگ میں اضافے کا بھی مظہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ برآمدات میں بتدریج اضافہ اور دیگر مثبت معاشی اعشاریے، حکومت پاکستان اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ایسے تمام اقدامات جاری رکھے گی جو کاروبار دوست ماحول پیدا کریں اور برآمدات میں مسلسل بہتری لائی جا سکے۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت ملکی برآمدات کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے نہ صرف پالیسی سازی کر رہی ہے بلکہ کاروباری برادری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ہماری ٹیم دن رات اس کوشش میں ہے کہ پاکستان کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے تاکہ روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات تینوں میں توازن کے ساتھ اضافہ ہو۔ وزیراعظم شہباز شریف آج (منگل کو) دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے جہاں وہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، خاص طور پر ایران کے معاملے پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے اس اہم دورے کے باعث آج وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی منسوخ کر دیا گیا۔ ترک قیادت کے ساتھ بات چیت کے دوران باہمی تعلقات کے فروغ، تجارتی تعاون اور علاقائی چیلنجز پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ وزیراعظم کا یہ دورہ موجودہ علاقائی حالات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیوں کے امور پر خصوصی اجلاس ہوا، وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کی پاکستان کیلئے بڑی خدمات ہیں، کنونشن میں اوورسیز کی بڑی تعداد میں شرکت حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے جذبوں، وطن کیلئے محبت، قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں نے دنیا بھر میں محنت کر کے اپنا اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم ارض پر کرہ ارض کے تحفظ کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم قدرت کی طرف سے عطا کئے گئے بے شمار انعامات کی قدر کریں اور ماحولیاتی تحفظ و پائیدار ترقی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی مشترکہ ذمہ داری نبھائیں۔