آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، کے پی میں بارش و برفباری، رابطہ سڑکیں بند
اشاعت کی تاریخ: 10th, March 2025 GMT
— فائل فوٹو
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
استور میں گزشتہ رات سے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
بالائی علاقوں میں مسلسل رابطہ سڑکیں بند ہونے سے اشیائے خور و نوش کی قلت ہوگئی ہے، کئی مقامات پر 3 سے 4 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔
ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
اکثر رابطہ سڑکیں بند ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
خیبر پختون خوا میں سوات، دیر بالا، مردان سمیت اکثر شہروں میں بارش ہو رہی ہے، پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری نے نظارے دلکش کر دیے ہیں۔
ادھر آزاد کشمیر میں بھی سیاحتی مقامات پر گزشتہ رات سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کوئٹہ، چاغی، سوراب، قلعہ عبد اللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، ژوب اور شیرانی میں چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی اور بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ وسطی، شمالی اور پہاڑی علاقوں میں رات کے وقت موسم سرد جبکہ جنوبی علاقوں میں موسم دن کے وقت گرم رہنے کا امکان ہے۔
قلات میں آج صبح کم سے کم درجۂ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ سبی میں 14، خضدار میں15، پنجگور میں 18 اور تربت میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: علاقوں میں بارش
پڑھیں:
بالائی علاقوں میں شدید موسمی خرابی، اسکردو گلگت کی 12 پروازیں منسوخ
—فائل فوٹوبالائی علاقوں میں خراب موسم کی وجہ سے اسکردو اور گلگت کی 12 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے گلگت کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 603، 604 منسوخ کر دی گئی ہیں۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد سے اسکردو قومی ایئر کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
موسمی خرابی کے پیشِ نظر ملک کے بالائی علاقوں کے لیے قومی ایئر لائن کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
اسکردو کے لیے پروازیں پی کے 455، 456، 453، 454، 451، 452 آج آپریٹ نہیں ہوں گی۔
اسلام آباد سے اسکردو کی نجی ایئر لائن کی 2 پروازیں پی اے 251، 252 تاخیر کے بعد منسوخ کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق شدید موسمی خرابی کی وجہ سے متوقع طور پر کل بھی بالائی علاقوں کا فلائٹ شیڈول متاثر ہو گا۔
موسمی خرابی اور آپریشنل مسائل کی وجہ سے اسلام آباد کی 22 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ اسکردو میں بارش اور برف باری کی وجہ سے موسم انتہائی ناخوش گوار ہے اور یہاں درجۂ حرارت دن میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔