قومی شاہراہ پر گاڑیوں میں آتشزدگی؛ کروڑوں مالیت کی کپاس، چینی اور تیل خاکستر
اشاعت کی تاریخ: 10th, March 2025 GMT
حیدر آباد:
قومی شاہراہ پر کھڑی گاڑیوں میں آتشزدگی کے واقعات پیش آئے، جس میں کروڑوں روپے مالیت کی کپاس، چینی اور تیل خاکستر ہوگئے۔
ریسکیو اور موٹر وے پولیس ذرائع کے مطابق رحیم یار خان کے قریب منی آئل ٹینکر پر لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، جس میں 2 ہزار لیٹر کیروسین آئل موجود تھا۔ ریسکیو کا عمل مکمل کرکے قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال کروا دی گئی۔
دوسری جانب مٹیاری کے قریب قومی شاہراہ پر کھڑی گاڑیوں میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کی کپاس، چینی کی بوریاں اور آئل جل گیا۔
آتشزدگی کے سبب قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ 2 ٹرالر اور ایک ٹینکر میں لگی۔ آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
پولیس کے مطابق ڈرائیور گاڑیاں کھڑی کرکے سحری کے لیے گئے تھے کہ پہلے ٹینکر میں آگ لگی، جس نے ٹرالر کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بجھانے کی کارروائی میں ریسکیو 1122 کے علاوہ حیدر آباد اور دیگر علاقوں سے طلب کردہ فائر ٹینڈر نے بھی حصہ لیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: قومی شاہراہ پر
پڑھیں:
پانچ ماہ کی طویل بندش: شاہراہِ کاغان کو ناران تک ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا.
پانچ ماہ کی طویل بندش کے بعد شاہراہِ کاغان کو ناران تک ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔شاہراہِ کاغان پر موجود بڑے گلیشیئرز کو کاٹ کر روڈ بحال کر دی گئی، روڈ بحال ہونے کے بعد سیاح اب ناران کی وادی کے دلفریب نظاروں اور یخ بستہ موسم کا لطف اٹھا سکیں گے۔پولیس حکام کے مطابق وادی میں سیاحوں کیلئے انتظامات مکمل کرنے اور بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، آئندہ تین روز تک ناران میں سیاحوں کیلئے انتظامات مکمل کر لئے جائیں گے۔این ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہِ کاغان کو بابو سر ٹاپ تک کھولنے کا کام جاری ہے، ناران سے بابو سر ٹاپ تک مئی کے آخر تک روڈ کو مکمل بحال کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں برفباری سے شاہراہِ کاغان ٹریفک کیلئے بند ہونے سے ناران کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔