کراچی: گلشن اقبال سے ملنے والے انسانی بازو کا معمہ حل ہوگیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, March 2025 GMT
کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 19 سے ملنے والے انسانی بازو کی شناخت کرلی گئی۔رہائشی اپارٹمنٹ کی دیوار کے ساتھ ملنے والا ہاتھ گزشتہ روز شارع فیصل پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے عبد الباسط نامی شخص کا نکلا۔پولیس کے مطابق ہفتے کی رات شارع فیصل پر نرسری کے مقام پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق شخص کا بازو دھڑ سے الگ ہو کر لاپتا ہوگیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی عبدالباسط کا بازو حادثے کے بعد گاڑی میں پھنس گیا تھا، حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا تھا۔پولیس کا بتانا ہے کہ ممکنہ طور پر گاڑی کا ڈرائیور بازو گلشن اقبال بلاک 19 میں قائم رہائشی اپارٹمنٹ کی دیوار کے ساتھ پھینک کر فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔متوفی عبدالباسط کا بازو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ حادثے کا مقدمہ تھانہ فیروز آباد میں متوفی کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ورثا کے مطابق متوفی عبد الباسط 5 بچوں کا باپ اور بلوچ کالونی پل کے قریب عمر کالونی کا رہائشی تھا۔خیال رہے کہ آج عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں گلشن اقبال بلاک 19 میں واقع رہائشی اپارٹمنٹ کی دیوار کے قریب کٹا ہوا انسانی بازو ملنے پر علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔اطلاع ملنے پر فلاحی ادارے کے رضا کار انسانی بازو کو اٹھا کر عزیز بھٹی تھانے لے گئے تھے جہاں پولیس نے انسانی بازو کو جناح اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: گلشن اقبال گیا تھا
پڑھیں:
کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی
اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر شہری کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔
کراچی کے علاقے ڈسٹرکٹ ملیر میں ڈاکوؤں نے پیر کی شب مزاحمت پر ایک شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جبکہ دوپہر میں اسی تھانے کی حدود گلشن حدید میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کار شوروم کا مالک جاں بحق ہوا تھا اور اس قتل کے خلاف اہلخانہ اور علاقہ مکینوں نے پانچ گھنٹے تک نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریک پر دھرنا دیکر ٹریفک معطل کر دیا تھا۔
اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید فیز 3 فلٹر پلانٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی دوسری واردات کے دوران مزاحمت پر 33 سالہ اویس احمد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
مضروب کو ٹانگ پر گولی لگی تھی جسے چھیپا کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا۔