کراچی: رمضان میں پیپلز بس سروس کا ٹائم بڑھانے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 9th, March 2025 GMT
— فائل فوٹو
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے رمضان میں پیپلز بس سروس کے اوقات میں توسیع کا اعلان کردیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ 15رمضان سے بس سروس رات ایک بجے تک چلائی جائے گی جس کا اطلاق آر ون، آر ٹو، آر 3، آر 4، آر 9، آر 10 اور ای وی ون روٹ کی بسوں پر ہوگا۔
شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کی رمضان میں مشکلات کو سمجھتے ہیں، یہاں کی عوام زیادہ تر پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بسوں کے اوقات میں توسیع کا مقصد مزید سفری سہولت فراہم کرنا ہے، یقینی بنایا جائے گا کہ لوگ خریداری کے بعد اپنے گھروں تک محفوظ پہنچ سکیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو بہتر اور سہولت بخش سفری آپشن فراہم کرنا چاہتے ہیں، حکومتِ سندھ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، شہری پیپلز بس سروس کے توسیع شدہ اوقات کی سروس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کینالز کا معاملہ: رانا ثناء اللّٰہ کا شرجیل میمن سے ٹیلی فونک رابطہ
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللّٰہ نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں میں اتفاق ہوا کہ ملاقات کر کے کینال مسئلہ کو بات چیت سے حل کیا جائے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کینالز کے معاملے پر سندھ کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ سندھ کے تحفظات دور کیے جائیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ کسی صوبے کا پانی دوسرے صوبے کے حصے میں نہیں جا سکتا، اس امر کو یقینی بنانے کے لیے ملک میں آئینی طریقہ کار اور قوانین موجود ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کینالز کے معاملے پر ہر فورم پر اپنا مؤقف پیش کر چکی ہے، پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کو متنازع کینالز پر شدید تحفظات ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے لیے 1991ء کے معاہدے کے تحت پانی کی منصفانہ تقسیم چاہتی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی کینالز کے معاملے پر وفاقی حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔