گورنر سندھ آئینی حدود سے تجاوز نہ کریں، ترجمان سندھ حکومت
اشاعت کی تاریخ: 9th, March 2025 GMT
آپ کا کام کسی مخصوص جماعت کی نمائندگی کرتے ہوئے سیاسی بیانات دینا نہیں
سب کو پتہ ہے کراچی کی تباہی اور بربادی کی ذمہ دار کون سی جماعت ہے ، ردِ عمل
سندھ حکومت کی ترجمان سمعتا افضال سید نے کہا ہے کہ گورنر سندھ آئینی حدود سے تجاوز کرنے سے گریز کریں۔ ترجمان سندھ حکومت نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ گورنر وفاق کے نمائندے بنیں اور آئینی حدود سے تجاوز کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ سب کو پتا ہے کراچی کی تباہی اور بربادی کی ذمہ دار کون سی جماعت ہے ۔سمعتا افضال سید نے یہ بھی کہا کہ آپ کا کام غیر جانبدار رہتے ہوئے صوبے اور وفاق کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرنا ہے ۔اُن کا کہنا تھا کہ آپ کا کام کسی مخصوص جماعت کی نمائندگی کرتے ہوئے سیاسی بیانات دینا نہیں۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
افغانستان سے بات چیت دیر سے مگر درست قدم ہے، ترجمان پختونخوا حکومت
پشاور:ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ افغانستان سے بات چیت دیر سے مگر درست قدم ہے۔
اپنے بیان میں خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ افغانستان سے بات چیت کا عمل شروع کرنے پر وفاق کا قدم دیر آئے مگر درست آئے کے مترادف ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ عمل خیبرپختونخوا حکومت کی بار بار اپیلوں کا نتیجہ ہے۔
بیرسٹر سیف نے زور دیا کہ خیبر پختونخوا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس بات چیت کے عمل میں شامل کیا جانا چاہیے، کیونکہ خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اور سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔
انہوں نے وفاق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو نظر انداز کرنا غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے 3 ماہ قبل ہی افغانستان سے مذاکرات کے لیے وفاقی حکومت کو ٹی او آرز بھجوائے تھے، جو اس عمل کے لیے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان ٹی او آرز میں قبائلی عمائدین سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے۔ بیرسٹر سیف نے خبردار کیا کہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی بھی بات چیت سودمند ثابت نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے افغانستان سے بات چیت ناگزیر ہے۔