مصطفیٰ عامر قتل کیس؛ ملزم ارمغان کے ملک سے باہر پھیلے ہوئے کاروبار کا بھی سراغ مل گیا
اشاعت کی تاریخ: 8th, March 2025 GMT
کراچی:
مصطفیٰ عامر قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم ارمغان کی مزید 2 کمپنیز کی تفصیلات اور کال سینٹر کے 50 ورک اسٹیشنز قائم ہونے کے شواہد بھی تفتیشی اداروں نے حاصل کرلیے ہیں۔
مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تفتیش کرنے والے ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم ارمغان قریشی کے گھرپرچھاپے کے دوران برآمد کیے جانے والے لیپ ٹاپ اور دیگر سامان کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم ارمغان کے نام پر مجموعی طور پر 4 کمپنیوں کی رجسٹریشن سامنے آئی ہے، جس میں سےدو پاکستان اوردو امریکا میں رجسٹرڈ ہیں۔
تفتیش کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملزم کے گھر میں 50 ورک اسٹیشنز کی موجودگی کے شواہد بھی ملے ہیں جبکہ ملزم ارمغان کے ڈیجیٹل کرنسی اکاؤنٹس کی چھان بین کا عمل جاری ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم ارمغان کی غیر قانونی سرگرمیوں سے منسلک رہنے والے افراد کی تفصیلات بھی جمع کی جارہی ہیں اور ٹھوس شواہد ملنے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مصطفیٰ قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کی منشیات فروشی اور غیر قانونی ڈیجیٹل کرنسی کی ٹریڈنگ کے حوالے سے ہوش ربا انکشافات آنے کے بعد ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ اور اینٹی منی لانڈرنگ سیل نے ملزم کے گھر سے شواہد جمع کر کے تفتیش کا آغاز کیا تھا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: قتل کیس
پڑھیں:
راولپنڈی میں گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہونے والی 5 سالہ بچی پُراسرار طور پر جاں بحق
راولپنڈی میں گھر کے باہر سے کھیلتے ہوئے لاپتہ ہونے والی بچی کی پُراسرار ہلاکت ہوئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ مندرہ کے علاقے پانچ مرلہ اسکیم میں سات سالہ بچی پراسرار طور پر قتل ہوئی جس کی شناخت 7 سالہ شفق کے نام سے ہوئی۔
اہل خانہ کے مطابق بچی گھر کے باہر کھیل رہی تھی جس کی لاش گھر کے قریب زیر تعمیر مکان سے ملی ہے۔ بچی کی لاش ملنے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی۔
بچی کی لاش ملنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیا اور ایس پی گوجر خان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات اور ملزم/ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔
پولیس کے مطابق بچی دوپہر سے لاپتہ تھی جس کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے بھی تلاش کی۔
پولیس نے بچی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کیا جبکہ شواہد اکھٹے کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔