ابن حجر عسقلانی، تاریخ اسلام کے عظیم مفکر
اشاعت کی تاریخ: 7th, March 2025 GMT
اسلامی تاریخ کے عظیم مفکر، محدث،فقیہ، تاریخ دان، مصنف اور منصف ابن حجر عسقلانی فلسطین کے شہر عسقلان سے نسبت رکھتے تھے اسی نسبت سے عسقلانی کہلائے،جبکہ ان کی جنم بھومی مصر ہے جہاں وہ 1372 میں علم کے عظیم گہوارے قاہرہ میں پیدا ہوئے اور ذوق علم کی ساری پیاس قدیم تہذیب کے گہوارے مصرہی میں بجھائی۔ آپ کا پورا نام شہاب الدین احمد بن علی بن محمد بن حجر العسقلانی ہے۔ ماں باپ کا سایہ بچپن ہی میں سر سے اٹھ گیا، تاہم ایک متمول ومعزز خاندان نے آپ کی پرورش کی ذمہ داری اٹھالی۔بچے کے رجحانات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اس کی بہترین تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا۔ بچپن میں کلام پاک کے حفظ کی سعادت نے ان کی فکری صلاحیتوں کو مہمیز لگائی اور انہوں نے دینی علوم کی طرف بھرپور توجہ دینا شروع کردی، تاریخ، فقہ اور حدیث کے ساتھ ساتھ ادب کو حرز جاں بنایا۔
حصول علم کا شوق پورا کرنے کے لئے زین الدین العراقی، ولی الدین عراقی، ابن الملقن اور شمس الدین البرماوی جیسے جید اساتذہ کی شاگردی نصیب کا حصہ بنی، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، یمن اور شام کا علمی سفر کیا اور وہاں کے علماء و ادباء سے علمی استفادہ کیا۔ ابن حجر عسقلانیؒ نے اول اول علم حدیث کو ذوق نظر بنایا اور امام بخاریؒ کی تصنیف ’’صحیح بخاری کی شرح ‘‘ ’’فتح الباری شرح صحیح بخاری‘‘ لکھی جو عالم اسلام میں چاردانگ مشہور و معروف ہوئی،جو اب تک’’صحیح البخاری‘‘ کی جامع ترین اور مستند شرح گردانی جاتی ہے۔ اس میں ابن حجر عسقلانیؒ نے مختلف علمی نکات پرسیرحاصل بحث کی ہے۔ خصوصاً حدیث کے الفاظ اور زبان وبیان اور ان کے لغوی اور نحوی پہلوئوں کا عمیق تجزیہ، قرات اور لہجوں کی روشنی میں الفاظ کے ممکنہ معانی کی تلاش کابیان، متضاد نظر آنے والی احادیث میں تطبیق اور ایک حدیث کو دوسری حدیث کو قرآن یا اجماع امت کے حوالے سے سمجھانے کی سعی کی۔حدیث کے فقہی رموز میں آئمہ اربعہ کے اختلافات کواجاگر کیا اور ہر مسلک کی تائید یا تنقید بارے دلیل کا اہتمام کیا۔
راویان پر ہونے والی جرح، تعدیل یا ثقاہت و تضعیف سے متعلق محدثین کی آرا پیش کیں۔ابن حجر عسقلانی ؒکا وصف یہ ہے کہ حدیث کے سیاق و سباق کی وضاحت کے لئے حدیث کا تاریخی پس منظر بیان کرتے ہیں ساتھ ہی عرب کی سماجی و ثقافتی روایات کے تناظر میں حدیث کی صراحت فرماتے ہیں۔ ابن حجر نے شرح لکھتے ہوئے صحہ ستہ کی تمام کتب کا تقابلی مطالعہ بھی ضرورت کے مطابق پیش کیا اور اس امر کی وضاحت کی کہ امام بخاریؒ نے کس اسلوب یا طرز ترتیب کے تحت باب بندی کی۔بعض مقامات جہاں امام بخاری کسی حدیث کا ذکر نہیں کرتے تو اس امر کا سبب تلاش کرکے بتایا ہے۔
ابن حجر عسقلانی کی ایک اہم کتاب’’ الدررالکامنہ فی اعیان الما الثامن‘‘ ہے جو تذکرہ نویسی کا شاہکار ہے،جس میں آٹھویں صدی ہجری یعنی چودھویں صدی عیسوی کے علماء ، محدثین، صوفیاء ، سلاطین، قاضیوں اور ادیبوں کے حالات رقم فرمائے ہیں۔یہ کتاب چارجلدوں پر محیط ہے اورتقدیم و تاخیر کادھیان رکھتے ہوئے شخصیات کا ذکرحروف تہجی کے اعتبار سے کیا ہے۔کتاب میں تقریباً پانچ ہزار شخصیات کا تذکرہ ہے اور غیر جانبداری کے ساتھ ہر شخصیت کا مختصر اور جامع ذکر کیا ہے۔ یہ کتاب آٹھویں صدی کے عجوبہ روزگار خزانے کی حیثیت رکھتی ہے،جس میں علماء ، محدثین، فقہاء اور مورخین کے ساتھ ساتھ اس دور کی علمی تحریکوں اور علمی رجحانات و میلانات کو بھی احاطہ تحریر میں لایا گیا ہے۔ علمائے امت’’ الدررالکامنہ‘‘ کو اسلام کا قیمتی اثاثہ تصور کرتے ہیں۔کتاب مذکورہ میں محدثین میں تقی الدین سبکیؒ، ابن کثیر ؒ، ابن تیمیہ ؒ، علامہ ذہبی اور امام ابن تیمیہ کے شاگرد ابن القیم الجوزیہ کا ذکر ہے۔
شعرا میں لسان الدین ابن الخطیب، اندلس کے معروف شاعر، سیاستدان اورمورخ جو غرناطہ کے دربار سے بھی وابستہ تھے۔ شمس الدین ابن جابر الاندلسی، عربی زبان کے شاعر،صلاح الدین الصدفی جبکہ ادباء اور تاریخ دانوں میں ابن فضل اللہ العمری، جغرافیہ دان، فلسفی مورخ اور ادیب،ابن خلدون ماہرعمرانیات، فلسفی اور مورخ، ابن الوردی، مشہور ادیب، شاعر اور تاریخ نویس، قاضی القضا رہے جبکہ اپنی کتاب میں مدینہ کے قاضی ابن فرحون جو فقہ مالکی کے عالم بھی تھے ان کا ذکرکیا، برہان الدین ابن مفلح حنبلی کے ممتاز فقیہ،ابن رجب حنبلی محدث اور فقیہ،صوفیاء و مشائخ میں ابن عطاء اللہ اسکندری، ابن سبعین، صوفی اور ماہر فلسفی،بن نبات المصری جو صوفی اور خطیب تھے،جن کے ملفوظات آج بھی اہل تصوف کے یہاں اہم سمجھے جاتے ہیں۔غرض ابن حجر عسقلانی نے آٹھویں صدی ہجری کے تمام شعبوں سے متعلق نابغہ روزگار لوگوں کو اپنی تصنیف میں ان کے مقام کے مطابق جگہ دی.
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: ابن حجر عسقلانی حدیث کے ہی میں
پڑھیں:
شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی آج 87 ویں برسی
لاہور ( نیوز ڈیسک) شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی آج 87 ویں برسی ہے۔علامہ محمد اقبالؒ نے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا اور اپنی شاعری سے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کی نئی روح پھونکی، 1930 میں آپ کا الہٰ آباد کا مشہور صدارتی خطبہ تاریخی حیثیت رکھتا ہے، علامہ اقبالؒ کی تعلیمات اور قائد اعظمؒ کی ان تھک کوششوں سے پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔
مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ 9نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ میں ہی حاصل کی، مشن ہائی سکول سے میٹرک اور مرے کالج سیالکوٹ سے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔
اس کے بعد علامہ اقبالؒ نے گورنمنٹ کالج لاہور سے فلسفے میں ماسٹرزکیا اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لئے انگلینڈ چلے گئے جہاں قانون کی ڈگری حاصل کی، بعد ازاں آپ جرمنی چلے گئے جہاں میونخ یونیورسٹی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔
آپ نے اورینٹیئل کالج میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیئے تاہم وکالت کو مستقل پیشے کے طور پر اپنایا، علامہ اقبالؒ وکالت کے ساتھ ساتھ شعر و شاعری بھی کرتے رہے اور سیاسی تحریکوں میں بھی حصہ لیا، 1922ء میں حکومت کی طرف سے آپ کو ’سر‘ کا خطاب ملا۔
مفکر پاکستان کا شمار برصغیر پاک و ہند کی تاریخ ساز شخصیات میں ہوتا ہے، علامہ اقبالؒ نے ناصرف تصور پاکستان پیش کیا بلکہ اپنی شاعری سے مسلمانوں، نوجوانوں اور سماج کو آفاقی پیغام پہنچایا۔
علامہ اقبالؒ کے معروف مجموعہ کلام میں بانگ درا، ضرب کلیم، ارمغان حجاز اور بال جبریل شامل ہیں، موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ علامہ اقبالؒ کے کلام کے ذریعے اتحاد اور یگانگت کا پیغام عام کیا جائے۔
مفکر پاکستان علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری سے برصغیر کی مسلم قوم میں بیداری کی نئی روح پھونک دی، علامہ اقبال کی کاوشوں سے ہی تحریک پاکستان نے زور پکڑا اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں 14 اگست 1947ء کو ایک آزاد وطن پاکستان حاصل کرلیا۔
پاکستان کی آزادی سے قبل ہی علامہ اقبال 21 اپریل 1938ء کو انتقال کر گئے تھے تاہم ایک عظیم شاعر اور مفکر کے طور پر قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی، قوم کے اس عظیم شاعر کا مزار لاہور میں بادشاہی مسجد کے احاطے میں واقع ہے۔
آئندہ دنوں میں بجلی مزید 7 سے 8 روپے فی یونٹ سستی ہوگی، اعظم نذیر تارڑ