دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کردار تسلیم کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ، شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 6th, March 2025 GMT
ہمارا مقصد عسکریت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے سے روکنا ہے
دہشت گردی کی تمام اقسام و اشکال سے جنگ جاری رکھیں گے ، وزیراعظم
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جوابی اظہارِ تشکر کر دیا۔ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسدادِ دہشت گردی میں پاکستان کا کردار تسلیم کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ، پاکستان ہمیشہ انسدادِ دہشت گردی میں ایک اہم کردار ادا کرتا رہا ہے ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا مقصد دہشت گردوں اور عسکریت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے سے روکنا اور کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف کارروائی کے لیے جگہ نہ دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پختہ عزم اور غیر متزلزل وابستگی پر قائم ہیں اور دہشت گردی کی تمام اقسام اور اشکال کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس مقصد کے لیے پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہمارے 80000 سے زائد بہادر فوجیوں اور شہریوں کی جانوں کی قربانیاں شامل ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ہماری قیادت اور عوام کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی، ہم اپنے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ علاقائی امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے ۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: شہباز شریف نے نے کہا کے لیے
پڑھیں:
پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول ہے: وزیرِ اعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹووزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے، پالیسی ریٹ ساڑھے 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آگیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شاندارایونٹ میں آکر خوشی ہوئی، چین، افریقا، یورپ، امریکا اور دیگر ملکوں کے نمائندگان کو دیکھ کر خوشی ہوئی، ہمارے ان ملکوں کے ساتھ شاندار دوستانہ اور کاروباری تعلقات ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دنیا نے زراعت میں بہت ترقی کی اور آگے نکل گئی، ہم قوم کے قیمتی وقت کا ضیاع کرتے رہے، ہمارے پاس آف سیزن اجناس کی اسٹوریج کا خاطرخواہ انتظام نہیں ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزیرِ تجارت سمیت متعلقہ محکموں کو شاندار ایونٹ پر مبارکباد دیتا ہوں، معاشی طور پر مستحکم پاکستان ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انجینئرنگ، زراعت اور معدنیات میں بڑا پوٹینشل ہے، پاکستان میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، نوجوان خود کو جدید تکنیک اور پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، بلوچستان اور خیبرپختون خوا سمیت اللّٰہ نے پاکستان کو قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ نمائش میں زرعی مشینری، قیمتی پتھر، ادویات اور دیگرشاندار اسٹالز ہیں، ہمیں جدت، تحقیق اور ترقی کی طرف جانا ہے۔