موٹروے پر تیز رفتاری پر پہلا مقدمہ درج، ڈرائیور گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
لاہور: موٹروے پر تیز رفتاری کرنے پر پہلی ایف آئی آر درج کر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کو موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تیز رفتاری کا واقعہ ملتان کےقریب موٹروے پر پیش آیا، موٹروے ایم-4 پرگاڑی 173 کلومیٹر فی گھنٹہ کی غیرقانونی رفتار پر جا رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ تھانہ بدھلہ سنت ملتان میں مقدمہ غفلت اور تیز رفتار ڈرائیونگ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، ملزم ڈرائیور رحیم خان کو حراست میں لے کر مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے کہا کہ تیز رفتاری کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: تیز رفتاری
پڑھیں:
پنجاب پولیس کی کچے کے علاقے میں کارروائی، دو مغوی بازیاب
RAHIM YAR KHAN:پنجاب پولیس نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران دو مغویوں کو بازیاب کروا لیا اور اس دوران دو اغوا کار زخمی ہوگئے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کریمنلز سے بازیاب ہونے والے مغویوں کی شناخت محمد علی اور سیف الرحمان حیدر کے نام سے ہوئی ہے اور دونوں کا تعلق اسلام آباد سے بتایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان پولیس کا کچہ ماچھکہ میں دوران پیٹرولنگ ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا اور دوران غیر مصدقہ طور پر دو ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم اغوا کار دونوں مغویوں کو چھوڑ کر کچے کے علاقے میں فرار ہوگئے جبکہ پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل کا کہنا تھا کہ بازیاب مغویوں کے بارے متعلقہ پولیس سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کاروائی میں بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کارروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔