مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں، مراد علی شاہ
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
فائل فوٹو
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں۔ رمضان المبارک کے دوران ضروری اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے صوبے بھر میں قیمتوں کے تعین کےلیے سخت ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ذخیرہ شدہ اشیاء کو ضبط کریں اور قانون کے تحت ان کی نیلامی یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کےلیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے زور دیا کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے۔
مراد علی شاہ نے ڈویژنل کمشنرز کے ذریعے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ قیمتوں کی نگرانی اور غیرضروری مہنگائی کو روکنے کےلیے باقاعدگی سے بازاروں کا دورہ کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ قیمتوں کی فہرستیں فوری طور پر چھاپ کر تقسیم کی جائیں اور رمضان بھر قیمتوں پر عملدرآمد کی سخت نگرانی کی جائے۔ مزید برآں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بڑے ریٹیل اسٹورز کو مناسب قیمتیں برقرار رکھنے کا پابند بنایا جائے۔
گیس کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے رمضان کے دوران گیس، بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ہدایت دی کہ شہر میں پانی کی مناسب فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ وزیر توانائی ناصر شاہ کو بجلی کی لوڈشیڈنگ روکنے کےلیے فوری طور پر پاور ڈسٹری بیوشن سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر شاہ، ضیاء الحسن لنجار، بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے خصوصی معاون عثمان غنی ہنگورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، آئی جی پی غلام نبی میمن، سیکریٹری زراعت سہیل قریشی اور بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے ڈی جی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
دوسری جانب حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ کے کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: مراد علی شاہ ہدایت دی انہوں نے
پڑھیں:
بھارت ہر صورت یاسین ملک کو سولی پر چڑھانا چاہتا ہے: مشعال ملک
کراچی(این این آئی)غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری حریت رہنمامحمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہاہے کہ بھارت ہر صورت یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر سولی پر چڑھانا چاہتا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پاکستان ہندو کونسل کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہاکہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے عالمی سطح پر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ریاست پاکستان سے بھارت میں قید کشمیری رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لیے اقوام متحدہ میں مقدمہ دائر کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست پاکستان اور پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے آواز بلند کرے ۔ مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کا پورا سیاسی سفر امن، مذاکرات اور انسانی حقوق کی جدوجہد پر مبنی ہے۔ حالیہ حالات میں بھی انہوں نے امن کا پیغام دیا اور پلوامہ کی صورتحال کے باوجود مذاکرات کے حامی رہے۔انہوںنے کہا کہ بیرونی دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال اور کشمیری عوام کودرپیش مشکلات سے آگاہ کرنے کیلئے ایک ڈیجیٹل ریفرنڈم کرایا جائے گا۔مشعال ملک نے کہا کہ "سیو یاسین ملک" مہم میں شامل تمام افراد کے شکر گزار ہیں، لیکن اب یہ آواز ہر گھر تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ آئندہ دنوں میں ایک بڑی عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی جس میں گھر گھر جا کر آگاہی فراہم کی جائے گی، یونیورسٹی طلبہ تک رسائی حاصل کی جائے گی، گراس روٹ لیول پر والنٹیئر نیٹ ورک قائم کیا جائے گا، ملین لوگوں تک ڈیجیٹل آگاہی فراہم کی جائے گی اور عالمی سطح پر رابطے بڑھائے جائیں گے۔ا نہوںنے کہا کہ بیرونی دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال اور کشمیری عوام کودرپیش مشکلات سے آگاہ کرنے کیلئے ایک ڈیجیٹل ریفرنڈم کرایا جائے گا۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس مہم کوعالمی سطح پراجاگر کرنے کیلئے ایک خصوصی ویب سائٹ لانچ کی جائے گی ۔اس موقع پرپاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف رمیش کمار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ تنازعہ ہے اور یاسین ملک اور مشعال ملک کی جدوجہد کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔ یہ جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیر کا مسئلہ حل ہو گا۔