مولانا فضل الرحمٰن کی پشین سے کامیابی دھاندلی کا نتیجہ ہے، شیر افضل مروت
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما بیرسٹر شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ جے یو آئی کو کم از کم 4 نشستیں فارم 47 سے ملی ہیں، پشین سے مولانا فضل الرحمٰن کی کامیابی بھی دھاندلی کا نتیجہ ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’دوسرا رخ‘ میں میزبان نادر گرامانی سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے الزام عائد کیا کہ فضل الرحمٰن کا احتجاج اس بات پر ہے کہ انہیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سے کم حصہ دیا گیا، مولانا فضل الرحمٰن کم حصہ ملنے پر ناراض ہیں۔
انہوں نے پرویز خٹک کی کابینہ میں شمولیت سے پی ٹی آئی کو مسائل پیش آنے کا دعویٰ مضحکہ خیز قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک (ن) لیگ یا پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل نہیں ہوئے، انہیں پھر بھی کابینہ میں شامل کیا گیا۔
شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ صرف حکومت ہی نہیں اپوزیشن کے کچھ ارکان بھی فارم 47 کے مطابق جیت کر قومی اسمبلی پہنچے ہیں جس کا علم بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب خان کو بھی ہے، حتیٰ کہ وزیراعظم شہباز شریف کو بھی علم ہے کہ کون سے اپوزیشن کے لوگ فارم 47 پر جیت کر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران ریاض، حیدر مہدی، میجر عادل راجا سمیت 5 یوٹیوبرز کے خلاف لندن کی عدالت میں کیس دائر کروں گا، اس حوالے سے میرے وکلا ان یوٹیوبرز کی ویڈیوز کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: شیر افضل مروت فضل الرحم ن
پڑھیں:
’لگتا ہے ان کا ذہنی توازن درست نہیں‘ شہباز گل کا شیرافضل مروت کے بیان پر ردعمل
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شہباز گل نے رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت کے بیان پر ردعمل دے دیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت پہلے پی ٹی آئی کے مردوں پر حملے کرتے تھے اور اب انہوں نے پارٹی کے لوگوں کے گھر کی خواتین پر بھی حملے شروع کردئیے ہیں، شیر افضل مروت نے علیمہ خان پر جس قسم کے الزامات لگائے تھے اس سے لگتا ہے کہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں۔اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان سے متعلق بیان پر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے بھی شیر افضل مروت کو جواب دے دیا، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف اخونزادہ حسین احمد نے اس سلسلے میں کہا کہ شیر افضل مروت 2 سال پہلے کہاں تھا اور کون تھا؟ یہ اس ملک میں زیادہ کسی کو پتا نہیں، عمران خان کی وکالت نے انہیں یہاں لا کے کھڑا کیا ہے کہ آج وہ ٹی وی ٹاک شوز پر آکر عمران خان کی بہنوں پر حملہ آور ہو رہا ہے۔(جاری ہے)
ان کا کہنا ہے کہ ہم ناصرف اس غلاظت اور گٹھیا پن کی مذمت کرتے ہیں بلکہ پارٹی کے ان ساتھیوں کو بھی ملامت کرتے ہیں جو اب بھی ان سے رابطے میں ہیں، انہوں نے ہی شیر افضل مروت کو پارٹی معاملات پر اور خان کی فیملی کے بارے میں اتنی بے باکی سے بولنے کے قابل بنایا، یہ تو کم ظرفی کی انتہا ہے کہ جس شخصیت نے آپ کو ایک مقام پر بٹھایا ہو آپ ان کی بہنوں کے خلاف دشنام طرازی پر اتر آئیں۔ قبل ازیں رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے علیمہ خان پر الزام عائد کیا تھا کہ امریکہ سے مالی امداد اور سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کی ذمہ داری علیمہ خانم کے پاس ہے، میرے خلاف ایک منصوبہ بندی کے تحت میڈیا پرسنز اور یوٹیوبرز کو متحرک کیا گیا، میں نے عمران خان کو علیمہ خان کی شکایت کی تو بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ہدایت کی کہ علیمہ خان کا پارٹی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔