گورنر سندھ کا کراچی میں ڈمپر حادثات میں مرنے والوں کے لواحقین کو پلاٹ دینے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈمپر حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو پلاٹ دینے کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں ڈمپرزحادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کوایک ایک پلاٹ دوں گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ روزانہ پلاٹ کی قرعہ اندازی ہوگی، بلڈرز اسی دن اہل خانہ کو فائل حوالے کرے گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ گورنرہاؤس میں ماہ صیام کے پروگرام کواتحاد رمضان کا نام دیا گیا ہے، اتحاد رمضان آپس میں یگانگت، یکجہتی کا پیغام ہے۔
گورنرسندھ نے کہا کہ نئی نسل منشیات کی لت میں مبتلا ہے، والدین اپنے بچوں پرکڑی نظررکھیں، 32 سے زائد منشیات کی اشکال میں اشیا موجود ہیں، اسکولوں کے استاتذہ کا میڈیکل ٹیسٹ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں مشنیات کے خلاف سیل بنانے جا رہا ہوں، اب کوئی کسی کو بلیک میل نہیں کرے گا، عوام کوآگاہی دے سکتا ہوں۔ مجھے جان سے مارنے کی ای میل موصول ہوئی، مجھے عمران فاروق طرز پر قتل کرنے دھکیاں ملیں، قتل کی دھکیوں کے باوجود لندن کا دورہ مکمل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیرداخلہ کو پرائیویٹ گارڈ سے متعلق خط لکھوں گا، پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ رکھنے کی پالیسی وضع ہونی چاہیے، اس شہر کے ساتھ مذاق بند کردیں، گھروں کے باہر پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز کی فوج درموج کھڑی رہتی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ مصطفی عامرکیس کو ٹھیک ٹھیک حل کیا جائے، مصطفی عامر کیس میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہچنا چاہیے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گورنر سندھ نے کہا کہ
پڑھیں:
کراچی میں رواں سال کے 110 روز میں مجموعی ٹریفک حادثات میں 289 شہری جاں بحق
کراچی:شہر قائد میں رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 289 تک پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی 4 نمبر میں ٹریفک حادثے میں نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 24 سالہ عماد کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا جبکہ حادثہ پیر کی شب 8 بجے کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے کے باعث پیش آیا تھا۔
حکام کے مطابق شہر قائد میں رواں سال 2025 کے دوران مختلف علاقوں میں اب تک جان لیوا ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 289 افراد جاں بحق ہوگئے جس میں 224 مرد، 27 خواتین، 30 بچے اور 8 بچیاں شامل ہیں۔
ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 3872 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں 3129 مرد، 545 خواتین ، 151 بچے اور 47 بچیاں شامل ہیںْ
چھیپا فاؤنڈیشن کے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر قائد میں 110 روز میں اب تک ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے جان لیوا حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 92 ہوگئی۔ جس میں ٹریلر کی ٹکر سے 37 ، ڈمپر کی ٹکر سے 18 ، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 22 ، بس کی ٹکر سے 10 اور مزدا کی ٹکر سے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔