لاہور پولیس کی کارروائی؛ شراب اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
لاہور:
لاہور میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شراب اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کرلی۔
خفیہ اطلاع پر لیاقت آباد کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے روہی نالے سے شراب فروش کو گرفتار کرلیا۔ ملزم رکشے میں شراب چھپا کر بہار کالونی میں سپلائی کرنے آیا تھا ۔
پولیس نے ملزم کے زیر استعمال رکشے کو بھی تحویل میں لے لیا۔ گرفتار ملزم عاطف سے 150 لیٹر سے زائد شراب برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ شراب فروشوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب لاہور میں منشیات کی بڑی ترسیل ناکام بناتے ہوئے منشیات ڈیلر کو گرفتار کرلیا گیا۔ خفیہ اطلاع پر دوران چیکنگ بین الاضلاعی منشیات ڈیلر غلام قمر منشیات کی ڈلیوری دینے کے لیے آتا ہوا رنگے ہاتھوں بھاری منشیات سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم غلام قمر سے لاکھوں روپے مالیت کی 8 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی۔ ملزم نے پشاور سے بذریعہ آن لائن منشیات منگوا کر مختلف اضلاع میں سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایم پی ایز اور سیاسی شخصیات کو کال کرکے رقم بٹورنے والا شخص گرفتار
اسلام آباد:نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم ایم پی ایز اور سیاسی شخصیات کو کال کر کے بتاتا تھا کہ اقوام متحدہ کا وفد آ رہا ہے اور آپ پیپلز پارٹی کی طرف سے نمائندے ہوں گے۔
ملزم جھانسہ دیتا تھا کہ وفد کے ساتھ کارگو ہے جس کے ٹیکس کی مد میں ادائیگی کرنی ہے، یوں شہریوں سے پیسے بٹورے جاتے تھے۔
اسی طرح مدعی کو بھی نمائندہ بنانے اور کارگو ٹیکس کے نام پر 4 لاکھ 68 ہزار 500 روپے لوٹے گئے جو ملزم کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے۔
سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے ملزم محمد مظہر ولد محمد حنیف کو گرفتار کر لیا جبکہ ساتھی محمد جاوید بھی نامزد ہے۔
ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 201/2025 درج کر کے پیکا ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی۔ ایس آئی محبوب الٰہی کی سربراہی میں مزید تفتیش جاری ہے۔