رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے پاکستان‘ سعودیہ میں اجلاس آج ہوں گے
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
اسلام آباد+ ریاض (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا۔ کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں اجلاس شام 6 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ اجلاس میں دیگر مرکزی ممبران و علماء کے علاوہ سپارکو اور محکمہ موسمیات کے حکام بھی شریک ہوں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبر پی کے میں آج چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔ ادھر سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے عوام سے آج رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کر دی۔ سعودی سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ 28 فروری کی شام کو چاند نظر آنے کی صورت میں قریبی عدالت میں شہادت جمع کرائیں۔ ماہرین فلکیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سعودی عرب میں آج 28 فروری کو رمضان نظر آسکتا ہے اور یکم رمضان مارچ کی پہلی تاریخ کو ہوگا۔ اگر ایسا ہو جاتا ہے تو 30 سال بعد ایسا موقع آئے گا جب اسلامی اور عیسوی مہینوں کا آغاز ایک ہی تاریخ کو ہوگا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سعودی شہریوں کو پاکستان آنے کیلئے کسی ویزا کی ضرورت نہیں، وزیر داخلہ
اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ سعودی شہریوں کو پاکستان آنے کے لئے کسی ویزا کی ضرورت نہیں، وہ جب چاہے پاکستان آسکتے ہیں۔
ڈپلومیٹک انکلیو سعودی سفارتخانے آمد پر سعودی عرب کے سفیر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے معاشی و سماجی شعبوں میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر سعودی عرب کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک گلف تعاون کونسل انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی عرب کے اعلی سطح کے وفد کی شرکت پر مشکور ہیں، انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لئے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط عائد کی جا رہی ہیں، بھکاری مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی شہریوں کے لئے پاکستان آنے پر کوئی ویزا نہیں، جب چاہیں آئیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے منشیات کیس میں ملوث بے گناہ خاندان کی رہائی کے لیے بھر پور تعاون پر بھی سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ خاندان کی رہائی و وطن واپسی کے لیے سعودی عرب نے بہت ساتھ دیا، سعودی عرب حکومت کے تعاون کی بدولت ہی خاندان کے 5 افراد کو رہائی ملی اور وطن واپس آئے۔
اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں، مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔