ملک میں خاموش مارشل لاء نافذ ہے، حافظ حمداللہ
اشاعت کی تاریخ: 27th, February 2025 GMT
اپنے بیان میں حافظ حمداللہ نے کہا کہ پہلے ڈکٹیٹروں کے ہاتھوں جمہوریت کا قتل ہوتا رہا، اب نام نہاد جمہوری وزیراعظم کے ہاتھوں جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنماء حافظ حمداللّہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مارشل لاء لگائے بغیر خاموش مارشل لاء نافذ ہے۔ ملک میں جمہوریت موجود نہیں ہے۔ ماضی میں ڈکٹیٹروں کے ہاتھوں جمہوریت کا قتل ہوتا رہا، اور اب نام نہاد جمہوری شیروانی میں ملبوس وزیرِاعظم کے ہاتھوں جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افسوس پارلیمنٹ میں قانون سازی غیر سیاسی اشرافیہ کے اشاروں پر ہو رہی ہے۔ پیکا ایکٹ جیسے سیاہ قوانین کے ذریعے میڈیا کی آزادی سلب کی گئی ہے۔ حکومتی سیاسی پارٹیاں غیر جمہوری اشرافیہ کے ہاتھوں میں کھلونا بنی ہوئی ہیں۔ عوام کو موجودہ اسمبلیوں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر کوئی اعتماد نہیں ہے۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
الیکشن کمیشن نے بلوچستان حکومت کی درخواست مسترد کرکے عوام کے حق کا احترام کیا، نیشنل پارٹی
اپنے بیان میں ترجمان نیشنل پارٹی نے کہا کہ ہم نے عوام کی رائے کو جمہوریت کی مضبوطی کیلئے بنیادی اکائی سمجھتے ہوئے ہمیشہ بلدیاتی الیکشن کو وقت پر کرانیکی بات کی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان عبید اللہ لاشاری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات عوام کے بنیادی جمہوری نظام کی علامت ہے۔ جس کا آئینی مدت پر ہونا جمہوری ریاستوں کے جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے انتہائی بنیادی ستون تصور کیا جاتا ہے، مگر بدقسمتی سے ریاست پاکستان میں بنیادی جمہوری ڈھانچہ کو ہمیشہ سیاست کی بھینٹ چڑھایا گیا۔ مگر کاش ریاست پاکستان میں آزادی کے بعد سے بلدیاتی الیکشن اپنی آئینی مدت میں ایک تسلسل کے ساتھ جاری رہتے اور عوام کو اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اپنے بنیادی نمائندے منتخب کرنے کا حق دیا جاتا، تو آج ریاست پاکستان کا جمہوری نظام دیگر جمہوری ریاستوں کے ہم پلہ ہوتا اور عوام کے بنیادی حقوق اور شہری ترقی کی رفتار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے برابر ہوتی۔ اپنے جاری کردہ بیان میں نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے کہا کہ مرکزی الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کوئٹہ کے عوام کی رائے اور حقوق کا احترام کیا ہے۔ جس پر نیشنل پارٹی الیکشن کمیشن کے اس آئینی عمل کو قابل تعریف سمجھتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی عوام کی رائے کو جمہوریت کی مضبوطی کے لئے بنیادی اکائی سمجھتے ہوئے ہمیشہ بلدیاتی الیکشن کو وقت پر کرانے کی بات کی ہے۔ نیشنل پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی الیکشن کی شفافیت اور وقت پر انعقاد حکومت کی آئینی ذمیداری سمجھتی ہے۔ جس کو پورا کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں عملی اقدامات کرنے ہونگے، تاکہ الیکشن کی شفافیت پر کوئی سوالیہ نشان نہ اٹھایا جاسکے اور عوام کا جو اعتماد اس وقت مرکزی و صوبائی الیکشن کمیشن پر کوئٹہ کے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بحال ہوا ہے، اس اعتماد کو حکومتی سطح پر کسی بھی نااہلی کی وجہ سے ٹھیس نہ پہنچے۔ آخر میں ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی الیکشن میں عوام نے جس طرح پر نیشنل پارٹی کے امیدواروں کو بڑی تعداد میں بلا مقابلہ منتخب کیا ہے اور مزید الیکشن لڑنے والے امیدواروں کو جو مدد و حمایت حاصل ہے، وہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ عوام نیشنل پارٹی کے ساتھ ہے اور یہ عوام کا ساتھ نیشنل پارٹی کو شاندار کامیابی سے ہم کنار کرے گا۔