جوہری صلاحیت کا حامل ایران ایک ذمہ دار ملک ہے، اسحاق ڈار
اشاعت کی تاریخ: 26th, February 2025 GMT
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کی صلاحیتوں اور استعمال کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے حصول اور استعمال کے امکان سے متعلق سوال کے جواب میں کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ایران اس حوالے سے ایک ذمہ دار ملک ہے، اس لیے جوہری ہتھیاروں کی صلاحیتوں اور استعمال کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی ضرورت پر بات کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کوئی بھی ملک اپنی سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال نہ کرے۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد کا اس حوالے سے واضح موقف ہے کہ ممالک کی علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ایٹمی معاہدے اور مذاکرات کے حوالے سے پاکستانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ہم ممالک کی قومی خودمختاری کے احترام کے اصول پر کاربند ہیں اور کوئی بھی بین الاقوامی معاہدہ باہمی احترام اور دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہونا چاہیے۔ ٹرمپ کے دور میں ایٹمی معاہدے سے امریکی انخلاء اور مستقبل میں اس معاہدے کی بحالی کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک اس معاہدے کی موجودہ حیثیت کے بارے میں مکمل معلومات تک رسائی نہیں رکھتے، لیکن ہمارے اصولوں میں ہمیشہ تسلسل رہا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یو اے ای کے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کر دیے گئے، شیخ عبداللہ بن زاید کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے جبکہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک بہت سے منصوبوں پر مشترکا کام کررہے ہیں۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یو اے ای نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر یاد داشتوں پر دستخط کئے گئے، دونوں ممالک کے نائب وزرائے اعظم کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس موقع پر قومی ورثہ ثقافت ڈویژن اور وزارت ثقافت یو اے ای کے درمیان ثقافتی تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے گئے، خارجہ وزارتوں کے درمیان قونصلر امور کیلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام پر تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔ اس کے علاوہ یو اے ای پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کیلئے تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے، یہ معاہدہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اور یو اے ای ایوان صنعت و تجارت کے درمیان طے پایا۔ قبل ازیں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان دفتر خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مرکزی دروازے پر معزز مہمان کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یو اے ای کے نائب وزیراعظم سے اپنے وفد کا تعارف کرایا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے اعزاز میں دفتر خارجہ میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ معزز مہمان کو اپنے گھر آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، خواہش ہے کہ آپ کا دورہ پاکستان مفید ثابت ہو، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، ہم بہت سے منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ یو اے ای کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ پر تپاک استقبال پر نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار کا شکر گزار ہوں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے، پاکستان کے لوگ یو ای اے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرماری کاری سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوگی۔ خیال رہے کہ یو اے ای کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں ہیں۔