محسن نقوی سے ملاقات، یوکرائن تنازعہ میں عدم مداخلت کے موقف پر پاکستانی قیادت کا شکریہ، روسی سفیر
اشاعت کی تاریخ: 26th, February 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے سلسلے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کو فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وفود کے تبادلے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ روس کے سفیر نے پاکستانی افسران کو ماسکو اور سائبیریا میں انسداد منشیات تربیتی پروگرامز میں شرکت کی دعوت دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی چیلنج ہے، جس پر قابو پانے کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔ علاوہ ازیں روسی سفیر البرٹ خوریف نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میںکہا کہ یوکرین تنازع میں عدم مداخلت پر مستقل مؤقف اپنانے پر پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مغربی ممالک نے ہمارے خدشات کو نظرانداز کیا۔ چین‘ برازیل کی سفارتی کوششیں خوش آئند ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سعودی شہریوں کے لیے پاکستان آنے پر کوئی ویزا پابندی نہیں جب چاہیں آئیں، محسن نقوی
سعودی سفیر سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے معاشی و سماجی شعبوں میں سعودی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی وفد کی شرکت پر شکر گزار ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے فروغ سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے معاشی و سماجی شعبوں میں سعودی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی وفد کی شرکت پر شکر گزار ہیں، ہم منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مزید مؤثر تعاون کے خواہاں ہیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط متعارف کرائی جا رہی ہیں جبکہ بھکاری مافیا کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی شہریوں کے لیے پاکستان آنے پر کوئی ویزا پابندی نہیں جب چاہیں آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت نے بے گناہ خاندان کی رہائی اور وطن واپسی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ سعودی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے انتہائی قریبی تعلقات ہیں، جنہیں مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔