کراچی: الآصف اسکوائر پر ڈمپر ڈرائیوروں کا احتجاج ختم، ٹریفک بحال
اشاعت کی تاریخ: 26th, February 2025 GMT
الآصف اسکوائر کے سامنے ڈمپر ڈرائیوروں کے احتجاج کو متعلقہ پولیس نے بات چیت کے بعد صورتحال پر قابو پاتے ہوئے ختم کرا دیا جس کے بعد ٹریفک کی روانی کو بحال کر دیا گیا۔
سپر ہائی وے الآصف اسکوائر کے سامنے ڈمپر ڈرائیوروں نے احتجاج کرتے ہوئے ڈمپر کھڑے کر کے ہائی وے بلاک کر دیا تھا جس کے باعث حیدر آباد سے کراچی آنے والے ٹریک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
اطلاعات کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈمپر کو روکا گیا تھا اس دوران ٹریفک پولیس اہلکار اور ڈمپر ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ اس دوران سپر ہائی وے پر عقب سے آنے والی گاڑی کی ٹکر سے ڈرائیور زخمی ہوگیا جس کے بعد ڈمپر ڈرائیوروں نے احتجاج کرتے ہوئے سپر ہائی وے کا کراچی آنے والا ایک ٹریک آلاصف اسکوائر کے سامنے ڈمپرز کو کھڑا کر کے بلاک کر دیا اور واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق متعلقہ پولیس نے بات چیت کے بعد صورتحال پر قابو پاتے ہوئے احتجاج ختم کرا دیا جس کے بعد ٹریفک کی روانی کو بحال کر دیا گیا ۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈمپر ڈرائیوروں ہائی وے کے بعد کر دیا
پڑھیں:
کراچی، مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی
کراچی:شہر قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ایدھی حکام کے مطابق یہ حادثات مختلف مقامات پر پیش آئے ہیں۔
پہلا حادثہ شاہ فیصل کالونی میں داتا ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت 18 سالہ اطہر علی کے نام سے کی گئی ہے۔
دوسرا حادثہ کورنگی ناصر جمپ کے قریب پیش آیا جہاں ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایک دیگر زخمی ہوا۔
ایدھی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے کی شناخت 17 سالہ فہد کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ زخمی کی شناخت 20 سالہ رؤف کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں بھائی ہیں اور انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
تیسرا حادثہ گلشن اقبال بلاک 6 کے نیپا ہائیڈرنٹ کے قریب ہوا، جہاں ایک واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والے کی شناخت کریم اللہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی لاش بھی جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔