گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام '' جی بی پے'' کا افتتاح
اشاعت کی تاریخ: 25th, February 2025 GMT
جی بی پے ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو سرکاری بلوں اور محصولات کی ادائیگی کو آسان بناتا ہے۔ شہری اس پلیٹ فارم کے ذریعے بجلی کے بل، گاڑیوں کے ٹوکن، ٹریفک چالان اور دیگر سرکاری فیسیں مختلف ذرائع جیسے اے ٹی ایم، موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ، کانٹر سروسز، اور ریٹیل ایجنٹس کے ذریعے ادا کر سکتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں آسان مالی سہولت اور ڈیجیٹل طرز حکمرانی کی سمت ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں حکومت گلگت بلتستان نے سرکاری ادائیگیوں کو آسان اور شفاف بنانے کے لیے جی بی پے کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ تھے۔ جنہوں نے اس پلیٹ فارم کے آغاز کو سہولت اور شفافیت کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا۔ اس موقع پر سہ فریقی معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے، جو اس منصوبے کے موثر نفاذ کو یقینی بنائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے نفاذ سے حکومتی کارکردگی میں بہتری، ڈیجیٹل ادائیگی کو ترجیح دینے سمیت مالیاتی شفافیت کو فروغ ملے گا، جس کا فائدہ حکومت اور عوام دونوں کو ہوگا۔ اس موقع پر سیکرٹری خزانہ گلگت بلتستان عزیز جمالی نے تقریب میں جی بی پے کی اہمیت اور اس کے ذریعے ریونیو کلیکشن میں ہونے والی تبدیلیوں پر بریفنگ دی۔
انہوں نے اس منصوبے میں تعاون کرنے والے اداروں اور گلگت بلتستان حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ بینک نے حکومتِ گلگت بلتستان کی اس ٹیکنالوجیکل کامیابی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ سی ای او 1 لنک نے اس پلیٹ فارم کے فوائد پر بھی روشنی ڈالی۔ تقریب میں اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ، وزیر خزانہ انجینیئر محمد اسماعیل، سیکریٹری خزانہ عزیز احمد جمالی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر اور ڈائریکٹر فنانس، جبکہ 1-لنک کے سی ای او، و دیگر نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ جی بی پے ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو سرکاری بلوں اور محصولات کی ادائیگی کو آسان بناتا ہے۔ شہری اس پلیٹ فارم کے ذریعے بجلی کے بل، گاڑیوں کے ٹوکن، ٹریفک چالان اور دیگر سرکاری فیسیں مختلف ذرائع جیسے اے ٹی ایم، موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ، کانٹر سروسز، اور ریٹیل ایجنٹس کے ذریعے ادا کر سکتے ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: گلگت بلتستان کے ذریعے جی بی پے
پڑھیں:
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی کل گلگت بلتستان کا دورہ کرینگے
وفاقی وزیر اپنی فیملی کے ہمراہ گانچھے، گلگت اور ہنزہ بھی جائیں گے، گلگت میں قیام کے دوران وفاقی وزیر گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان اور موجودہ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان سے بھی ملاقات کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کل گلگت بلتستان کا دورہ کرینگے۔ رپورٹ کے مطابق کل وہ اپنی فیملی کے ہمراہ سکردو پہنچیں گے، گلگت بلتستان کی صوبائی انتظامیہ نے وفاقی وزیر کے استقبال اور پروٹوکول کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کھرمنگ انیلا مھدی کو پروٹوکول آفیسر تعینات کیا ہے، وفاقی وزیر ایئرپورٹ سے شنگریلا جائیں گے جہاں چیف سیکرٹری جی بی ابرار مرزا وفاقی وزیر سے ملاقات کریں گے۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات سکردو میں گلاف ٹو منصوبے کے غیر معمولی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اپنی فیملی کے ہمراہ گانچھے، گلگت اور ہنزہ بھی جائیں گے، گلگت میں قیام کے دوران وفاقی وزیر گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان اور موجودہ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان سے بھی ملاقات کریں گے۔