پی ٹی آئی رہنما، سابق وزیر اسلم اقبال کے ڈیرے سے لاش برآمدگی، قاتل و مقتول دونوں پولیس اہلکار نکلے
اشاعت کی تاریخ: 25th, February 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے ڈیرے سے ملنے والی لاش کی گتھی سلجھنا شروع ہوگئیں اور لاہور پولیس آپریشن اور انوسٹی گیشن ونگ کی مشترکہ ٹیم نے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق روپوش ملزم کو 24 گھنٹوں کے اندر میانوالی سے گرفتار کیا گیا، سیاسی راہ نما کے ڈیرے کے کوارٹر سے گزشتہ روز لاش برآمد ہوئی تھی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ جوائنٹ ٹیم نے ملزم کانسٹیبل ارشد کو میانوالی سے گرفتار کیا، ملزم نے میانوالی میں اپنی بہن کے گھر میں روپوش ہونے کی کوشش کی، ملزم نے قتل کا اقرار کر لیا، ابتدائی تفصیلات بھی بتائیں ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم ارشد نے میاں اسلم کے ڈیرہ پر کوارٹر کرایہ پر لے رکھا تھا، قتل کے بعد ملزم نے آلہ قتل نہر میں پھینک دیا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ذرائع نے کہا کہ میاں اسلم اقبال کے ڈیرے سے ملنے والی لاش کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے، مقتول فیصل آباد کا رہائشی بتایا گیا ہے، مقتول محکمہ پولیس کا برخاست شدہ اہلکار تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وقوعہ کے وقت کانسٹیبل ارشد اور عمران دونوں نشے میں تھے کہ جھگڑا ہوگیا، جھگڑے پر ملزم ارشد نے گولی ماری، قتل کی واردات کے بعد ملزم ارشد موقع سے فرار ہوگیا تھا جسے گرفتار کر لیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے ڈیرے
پڑھیں:
بکریاں چورے کرنے والا ملزم گرفتار، ویڈیو بھی سامنے آگئی
راولپنڈی:چکلالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بکریاں چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت علی حسنین کے نام سے ہوئی، چوری شدہ بکریوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم 01 لاکھ 20 ہزار روپے برآمد کر لی گئی۔
واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضہ پولیس میں لی گئی، ملزم چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب تھا۔
چکلالہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز سمیت تمام ذرائع بروئے کارلاتے ہوئے مجرم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔
ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی کا کہنا تھا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا، شہریوں کو قیمتی اثاثے سے محروم کرنے والے افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔