ایس ایچ او تھانہ دریجی مٹھا خان زہری غفلت برتنے پر معطل
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مصطفیٰ عامر قتل کیس میں انکوائری افسر ڈی ایس پی محمدجان ساسولی کی جانب سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا، بڑا ایکشن لیتے ہوئے دریجی تھانے کے ایس ایچ او مٹھا خان زہری کو غفلت برتنے پر معطل کردیا گیا۔ اے وی سی سی ٹیم گرفتار ملزم شیراز اور ارمغان کو لیکر دریجی جائے وقوع پر پہنچی، ارمغان اور شیراز نے جائے واردات کی نشاندہی کردی۔ مصطفی عامر کی گاڑی کو آگ لگانے کی اطلاع پولیس کو گھنٹوں کی تاخیر سے کیوں ملی، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ لگتا ہے شکار کے حوالے سے مشہور دریجی کے مقام سے ملزمان پہلے سے واقف تھے، پولیس حکام نے کہا تھا کہ اگر ملزمان کے دریجی کے مقام تک پہنچنے اور گاڑی جلنے کی اطلاع تاخیر سے ملنے پر پولیس کی غفلت سامنے آئی تو محکمانہ کارروائی ہوگی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
راولپنڈی میں چالیس سالہ شخص کو قتل کرکے لاش کنویں میں پھینک دی گئی
راولپنڈی تھانہ روات کے علاقے اوجریالہ گاؤں میں اندھے قتل کی واردات ہوئی جس میں چالیس سالہ شخص کو ہاتھ کمر سے باندھ کر فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد لاش کنویں میں پھینک دی گئی۔
پولیس کے مطابق فصل کی دیکھ بھال کرنے اور مویشی چرانے کے لیے کھیتوں میں جانے والے مقامی شخص نے کنویں میں نعش دیکھ کرپولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو 1122 کو طلب کرکے ریسکیو ٹیم کے ذریعے لاش کو کنویں سے نکلوایا۔
پولیس حکام کا کہنا تھاکہ لاش تیس سے چالیس سالہ شخص کی ہے جس کی داڑھی ہے، اس کے دونوں ہاتھ کمر پر بندھے ہوئے تھے جبکہ سینے پر گولی لگی ہوئی تھی، لاش کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔
پولیس نے فرانزک ماہرین کی جانب سے شواہد اکٹھے کیے جانے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مقتول کی شناخت کے لیے ملحقہ علاقوں سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور مزید قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔