مینگرووز کراچی کی ڈھال
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
کراچی، یہ شہر جوکبھی روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا، اب بے ترتیبی، آلودگی اور مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ یہاں کے باسیوں کے لیے زندگی کسی نہ ختم ہونے والے امتحان سے کم نہیں۔کبھی پانی کی قلت، کبھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ توکبھی بے ہنگم ٹریفک کا عذاب۔ مگر ان سب مسائل کے بیچ ایک ایسا معاملہ ہے جس پر بہت کم لوگ غورکرتے ہیں اور وہ ہے مینگرووزکا تحفظ۔
یہ مینگرووز جو کراچی کے ساحلی علاقوں میں صدیوں سے موجود ہیں، کسی خاموش محافظ کی طرح ہمارے شہرکو قدرتی آفات سے بچانے میں مصروف ہیں، مگر افسوس کہ ترقی اور شہری آبادی میں اضافے کے نام پر ان قدرتی جنگلات کی بے دریغ کٹائی جاری ہے۔
ہم نے اپنے ہاتھوں سے اس شہر کو اس کے قدرتی دفاع سے محروم کردیا ہے اور پھر حیران ہوتے ہیں کہ ہر سال ساحلی کٹاؤکیوں بڑھ رہا ہے، موسم کیوں بگڑ رہا ہے اور سمندری طوفان کراچی کے لیے خطرہ کیوں بنتے جا رہے ہیں۔ اکثر لوگ نہیں جانتے کہ مینگرووز دراصل کراچی کے لیے قدرت کا ایک قیمتی تحفہ ہیں۔
یہ نمکین پانی کے وہ درخت ہیں جو سمندری طوفانوں لہروں اور ہوا میں موجود زہریلی گیسوں کو جذب کر کے ہمیں ایک قدرتی ڈھال فراہم کرتے ہیں۔ یہ نہ صرف کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کر کے فضائی آلودگی کو کم کرتے ہیں بلکہ سمندر کے کنارے مٹی کو جمنے میں مدد دے کر ساحلی کٹاؤ کو بھی روکتے ہیں۔
جب 2021 میں سمندری طوفان آیا تو کراچی کے لیے سب سے بڑا خطرہ یہی تھا کہ اگر طوفان نے رخ موڑ لیا تو ساحلی علاقوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، مگر مینگرووزکی موجودگی نے شہر کو براہ راست نقصان سے بچایا۔ یہ جنگلات لہروں کی شدت کو کم کرتے ہیں اور طوفانوں کے زور کو توڑ دیتے ہیں، اگر یہ درخت نہ ہوں توکراچی ہر سال کسی نہ کسی سمندری آفت کی زد میں آسکتا ہے۔
کراچی کی آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے جگہ بنانے کے نام پر مینگرووزکی بے دریغ کٹائی جاری ہے۔ پہلے یہ جنگلات ہزاروں ایکڑ پر پھیلے ہوئے تھے مگر اب ان کا رقبہ کم ہوکر صرف چند مخصوص علاقوں تک محدود رہ گیا ہے۔ ڈیفنس، کلفٹن، پورٹ قاسم اور ملیر کے ساحلی علاقوں میں جہاں کبھی گھنے مینگرووزکے جنگلات ہوا کرتے تھے وہاں اب کنکریٹ کے جنگل کھڑے کردیے گئے ہیں۔
بڑے ہاؤسنگ پروجیکٹس انڈسٹریل زونز اور غیر قانونی قبضہ مافیا نے ان درختوں کو بے دردی سے کاٹ کر اپنی تجوریاں بھریں مگر کسی نے یہ نہیں سوچا کہ ان چند لاکھ روپے کے لالچ میں ہم نے اپنے مستقبل کو کتنے بڑے خطرے میں ڈال دیا ہے۔اگر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ مینگرووزکا ختم ہونا کوئی بڑا مسئلہ نہیں تو یہ ہماری بہت بڑی غلط فہمی ہے۔ اس کے نتیجے میں کئی قدرتی اور ماحولیاتی آفات جنم لے رہی ہیں۔
سمندری طوفانوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے جب مینگرووز موجود نہیں ہوں گے تو کسی بھی سمندری طوفان کے براہ راست اثرات کراچی پر مرتب ہوں گے۔ سمندری لہریں زیادہ شدت سے زمین سے ٹکرائیں گی اور ساحلی بستیاں زیرِ آب آسکتی ہیں۔
ماحولیاتی تبدیلیاں شدت اختیارکررہی ہیں، کراچی میں گرمی کی شدت ہر سال بڑھ رہی ہے، بارشوں کا نظام غیر متوقع ہو چکا ہے اور ہوا میں آلودگی کی مقدار خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ مینگرووز ان تمام مسائل کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں مگر ہم نے انھیں تباہ کر کے اپنا ہی نقصان کیا ہے۔
کراچی کی ہزاروں ماہی گیر بستیاں سمندر سے حاصل ہونے والے رزق پر منحصر ہیں۔ مینگرووز مچھلیوں جھینگوں اور دیگر سمندری حیات کے لیے نرسری کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے خاتمے سے مچھلیوں کی پیداوار میں کمی ہو رہی ہے اور ماہی گیروں کا ذریعہ معاش خطرے میں پڑ گیا ہے۔
مینگرووز قدرتی فلٹر کی طرح کام کرتے ہیں جو ہوا میں موجود زہریلی گیسوں کو جذب کر کے آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔ جب یہ ختم ہو رہے ہیں تو کراچی کی فضا زہریلی ہو رہی ہے اور سانس کی بیماریاں عام ہوتی جا رہی ہیں۔یہ سوال کہ کراچی کے لیے مینگرووزکیوں ضروری ہیں؟ یہ بہت ہی بنیادی سوال ہے۔ کراچی کا اور اس کے باسیوں کا مستقبل اس سوال سے جڑا ہے۔ اگر کراچی کو بچانا ہے تو مینگرووز کو بچانا ہوگا۔ ہمیں چند اہم اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
حکومت کو چاہیے کہ وہ مینگرووز کی کٹائی پر سخت قوانین بنائے اور جو لوگ ان درختوں کو کاٹتے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ اگر اب بھی اس طرف توجہ نہ دی گئی تو آنے والے وقت میں ہم بہت مشکل میں آجائیں گے، جو درخت کاٹے جا چکے ہیں ان کی جگہ فوری طور پر نئے درخت لگائے جائیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
اس طرف بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ عام شہریوں کو یہ شعور دینا ہوگا کہ مینگرووز صرف درخت نہیں بلکہ ہمارے شہر کی زندگی کی ضمانت ہیں۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے اس قدرتی خزانے کو بچانا ہوگا۔ باقاعدہ عوامی آگاہی مہم کا آغاز ہونا چاہیے اور اس میں شہریوں کی بھرپور شمولیت ہونی چاہیے۔
ترقی کے نام پر قدرت کو تباہ کرنا کوئی عقلمندی نہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ کراچی کی ترقی اور مینگرووزکا تحفظ ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں بس اس کے لیے بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ قدرتی ماحول کا تحفظ یقینی بنانا اشد ضروری ہے۔
اگر کراچی کی ہواؤں کو دھول مٹی اور گرمی کی لپیٹ سے بچانا ہے تو ہمیں اس کی قدرتی ڈھال کو بچانا ہوگا۔ مینگرووز کا تحفظ صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ یہ کراچی کی بقا کا سوال ہے۔ اگر ہم نے آج ان درختوں کی حفاظت نہ کی تو آنے والے برسوں میں ہمیں نہ صرف قدرتی آفات بلکہ غذائی قلت آلودگی اور شدید گرمی جیسے بحرانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ فیصلہ آج کرنا ہوگا کہ ہم ایک تباہ حال شہر چاہتے ہیں یا ایک ایسا کراچی جہاں سمندر کی ہوائیں پھر سے تازگی کا احساس دلائیں جہاں ساحل محفوظ ہوں اور جہاں قدرتی حسن اپنی اصل شکل میں برقرار رہے۔ مینگرووز کو بچانا ہمارا فرض بھی ہے اور ہماری ذمے داری بھی۔ اگر آج ہم نے یہ ذمے داری نہ نبھائی توکل ہمیں اپنی بربادی پر ماتم کرنا پڑے گا۔
چند دن قبل ارتقاء نے اس ہی سلسلے میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس کا موضوع تھا کاربن فوٹ پرنٹ کاربن کریڈٹس اور مینگرووز کا تحفظ۔ اس طرح کے پروگرام سے نہ صرف آگاہی میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ وقت کی ضرورت ہے۔
اس مسئلے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ارتقاء نے ایک ڈیڑھ برس قبل اس سلسلے میں سول سوسائٹی کا ایک دن کا دورہ ترتیب دیا تھا جس میں وہ مینگرووزکا دورہ کرانے ریڑھی گوٹھ لے کر گئے تھے۔ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ آنے والے وقت میں اگر ہمیں کراچی کو قدرتی آفات سے بچانا ہے تو اس مسئلے پر سنجیدگی سے نہ صرف غورکرنا ہوگا بلکہ اس پر جامع انداز میں کام کرنا ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سمندری طوفان کراچی کے لیے کی ضرورت ہے کرتے ہیں کراچی کی کو بچانا ا لودگی قدرتی ا نے والے ہوگا کہ کا تحفظ رہی ہے ہے اور
پڑھیں:
حکمران امریکا اور اسرائیل سے خائف، ہمیں متحد ہونا پڑے گا، حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکمران امریکا اور اسرائیل سے خوف کھاتے ہیں، مگر امت سوئی ہوئی نہیں ہے، اسرائیلی وحشت روکنے کیلئے ہمیں متحد ہونا پڑے گا۔
اسلام آباد میں غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اگر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ امریکا اور اسرائیل کی خدمت کرکے عزت حاصل کرسکتے ہیں تو یاد رکھیں امریکا کسی کا بھی نہیں ہے، وہ صرف دہشت گردوں کو سپورٹ کرتا ہے اور ہم سب اس کا نشانہ ہیں۔
انہوں نےکہا کہ امریکا مسلمانوں اور انسانوں کا قاتل ہے، امریکا کے نوجوان خود اس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات فلسطین کی حمایت میں احتجاج کررہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بیت المقدس یہودیوں کے قبضے میں ہے، یہ عربوں اور فلسطینیوں کی سرزمین ہے جس پر یہودی جبراً مسلط کردیے گئے ہیں، مغربی کنارے میں بھی انہوں نے ایک لاکھ لوگ بے گھر کیے گئے ہیں، قبضے کا یہ سلسلہ رکے گا نہیں ہمیں روکنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہونا پڑے گا، عالم اسلام کو بھی جگانا پڑے گا، اور باضمیر ممالک جو اس وقت اسرائیل کے خلاف ہیں انہیں اکٹھا کرنا پڑے گا، کوئی اور یہ کام کرے نہ کرے، پاکستان کو یہ کام کرنا ہوگا، لوگ پاکستان کی طرف بہت امید سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اسرائیل کو مغرب اور استعمال کی ناجائز اولاد قرار دیا تھا، اور اعلان کردیا تھا کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔
حافط نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم نے امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کا کہا تھا، حکمران امریکا سے خوف کھاتے ہیں، اسرائیل سے ڈرتے ہیں، اس لیے انہوں نے اسلام آباد بند کیا ہے، مگر ہم کسی بندوق اور گولی سے ڈرنے والے نہیں ہیں، یہ ہمارا راستہ نہیں روک سکتے تھے مگر ہم پولیس والوں کے ساتھ تصادم نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران سوئے ہوئے ہیں مگر امت سوئی ہوئی نہیں ہے، اسرائیلی وحشت روکنے کیلئے ہمیں متحد ہونا پڑے گا، یہ سیاسی نعرے بازی نہیں ہمارے ایمان کا معاملہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکمرانوں ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے تباہی پھیر دی ہے اور ملک بھر میں مسائل اس وجہ سے مظلوموں کی طاقت تقسیم کردی گئی ہے، ہمیں بلوچ، پنجابی، سندھی، پختونوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہوکر ان ظالموں اور جابروں اور امریکا کے غلاموں کو تقسیم کرنا ہوگا، پھر کسی کا حق نہیں مارا جائے گا، میں ملک بھر کے عوام سے کہتا ہوں کہ متحد ہوجاؤ اور ان ظالموں سے اپنا حق حاصل کرو۔
خطاب کے آخر میں حافظ نعیم الرحمٰن نے عوام سے 26 اپریل کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 27 اپریل کو اگلے لائحہ کا اعلان کیا جائے گا۔