گورنر سندھ کا قومی ٹیم کے لیے انڈیا سے جیت پر ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف جیت پر ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
گورنر سندھ، جو اس وقت لندن میں موجود ہیں، نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل اور تمام دعائیں پاک بھارت ٹاکرے کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی اور قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے لیکن اگر پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ جیت جاتی ہے تو میں قومی ٹیم کو اپنی طرف سے ایک کروڑ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کرتا ہوں۔
اپنے پیغام میں کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم جیت کے لیے دعا گو ہے۔ کھلاڑی پوری لگن اور محنت سے کھیلیں، انشاء اللہ فتح ہماری ہوگی۔
گورنر سندھ نے قومی ٹیم کو بھرپور حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم پاکستان کا وقار بلند کرے گی اور قوم کو جیت کی خوشی دے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گورنر سندھ قومی ٹیم کہا کہ
پڑھیں:
ورلڈ کپ کے لیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم بھارت نہیں جائے گی: محسن نقوی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔
قذافی اسٹیڈیم میں خواتین کرکٹ ٹیم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمنز ٹیم معاہدے کے مطابق بھارت نہیں جائے گی۔ بھارت میزبان ہے، وہ فیصلہ کرے گا کہ میچ کہاں منعقد کیے جائیں۔
انہوں نے پاکستان کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم بھارت کے علاوہ کسی بھی نیوٹرل جگہ پر مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔
یہ بیان دو طرفہ کرکٹ تعلقات پر جاری کشیدگی کے درمیان سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان جانے سے انکار کردیا تھا اور اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے تھے جو اس سے قبل 2023 کے ایشیا کپ میں استعمال کیا گیا تھا۔
کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد دونوں بورڈز نے ڈیڈ لاک کو حل کرنے کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق کیا۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق یہ ماڈل بھارت کو پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹس کے لیے نیوٹرل مقامات پر کھیلنے کی اجازت دیتا ہے۔
اس معاہدے کا اطلاق 2025 میں پاکستان میں ہونے والی مینز چیمپئنز ٹرافی، 2025 میں بھارت میں ہونے والے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ اور 2026 میں بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ پر ہوگا۔