پاکستان میں 2025 کا تیسرا پولیو کیس رپورٹ
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
ملک میں 2025 کے تیسرے وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 کیس کی تصدیق ہوگئی۔
انسداد پولیو پروگرام کے مطابق ضلع لاڑکانہ، سندھ سے ایک اور پولیو کیس سامنے آیا ہے، جو رواں سال صوبے میں رپورٹ ہونے والا دوسرا کیس ہے۔ اس کے ساتھ ہی سندھ میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد دو اور خیبر پختونخوا میں ایک ہوگئی ہے۔
گزشتہ سال 2024 میں ملک بھر میں 74 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جن میں سے 27 بلوچستان، 22 خیبرپختونخوا، 23 سندھ، جبکہ ایک، ایک پنجاب اور اسلام آباد سے تھا۔
انسداد پولیو پروگرام کے مطابق 2025 کی پہلی ملک گیر پولیو مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوچکی ہے، جس میں 99 فیصد اہداف حاصل کیے گئے۔ یہ مہم 3 سے 9 فروری 2025 تک جاری رہی، جس کے دوران 45 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔
اس وقت ملک میں بگ کیچ اپ سرگرمی کا دوسرا دور جاری ہے، جس میں 5 سال تک کے بچوں کو EPI اینٹیجنز کے ٹیکے لگوائے جارہے ہیں۔
پاکستان پولیو پروگرام کے تحت کوئٹہ ڈویژن اور کراچی میں 20 اور 22 فروری کو فریکشنل IPV-OPV پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا جس میں تقریباً 10 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پولیو کیس
پڑھیں:
قومی انسداد پولیو مہم شروع، ساڑھے 4 کروڑ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف
اسلام آباد: ملک بھر میں رواں سال کی دوسری قومی پولیو مہم کا آج سے آغاز ہو گیا۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق ملک بھر میں 21 سے 27 اپریل تک انسدادِ پولیو مہم جاری رہے گی، اس دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔این ای او سی نے بتایا کہ پولیو مہم میں 4 لاکھ سے زائد مرد و خواتین پولیو ورکرز خدمات سرانجام دیں گے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ والدین سے اپیل ہے کہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں. سال سے کم عمر بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائیں. تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ کیا جاسکے۔نیشنل ای او سی نے مزید بتایا کہ مسلسل پولیو مہمات کے نتیجے میں وائرس کی موجودگی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے. ویکسین کی ہر اضافی خوراک بچوں کے مدافعتی نظام کو مزید مضبوط بناتی ہے۔