اسرائیلی قید میں بیڑیوں میں جکڑے فلسطینی ڈاکٹر کی ویڈیو منظر عام پر آگئی
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
غزہ: کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں انہیں اسرائیلی قید میں ہتھکڑیوں اور بیڑیوں میں جکڑا دیکھا جا سکتا ہے۔
28 دسمبر کو اسرائیلی فوج نے کمال عدوان اسپتال پر حملہ کر کے ڈاکٹر ابو صفیہ سمیت 350 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔ بعد ازاں انہیں مقبوضہ مغربی کنارے کے اوفر جیل منتقل کیا گیا، جہاں وہ بغیر کسی مقدمے کے قید ہیں۔
اسرائیلی میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلسطینی ڈاکٹر کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پاؤں میں بیڑیاں ڈالی گئی ہیں، جبکہ اسرائیلی فوجی انہیں جیل کے سیل سے باہر لے جا رہے ہیں۔
ویڈیو میں ڈاکٹر ابو صفیہ نے ایک اسرائیلی صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ان پر کیا الزامات ہیں اور انہیں کیوں گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے اسرائیلی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان اسپتال میں صرف عام فلسطینی شہریوں کا علاج کیا جاتا تھا، نہ کہ مزاحمت کاروں کا۔
ڈاکٹر ابو صفیہ کے بیٹے نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے والد کو بیڑیوں میں جکڑا دیکھنا ناقابلِ برداشت ہے، اور ان کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ خاندان نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر ابو صفیہ کو جیل میں تشدد اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
View this post on InstagramA post shared by Translating Palestine فلسطين (@translating_falasteen)
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیلی بمباری میں ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کے جواں سال بیٹے ابراہیم شہید ہو گئے تھے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسرائیلی مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی ،بے حسی افسوسناک :زوار بہادر
لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان کی سپریم کونسل کے چیئرمین مفکر اسلام علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا غزہ میں فلسطینی نہتے عوام پرامریکی سرپرستی میں اسرائیلی مظالم پر امت مسلمہ کے حکمرانوں کی خاموشی اور بے حسی انتہائی افسوسناک ہے۔ بعض مسلم حکمرانوں کا بیان کی حد تک مذمت کرنا فلسطینی مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ مسلمان حکمرانوں نے شاید یہ سوچ رکھا ہے کہ فلسطینی عوام کا ساتھ دینے سے ان کے اقتدار کو خطرات لاحق ہو جائینگے مگر اب یہ سب کچھ الٹ ہو گا اور امت مسلمہ کے حالات سے بے خبر حکمران جلد اپنے انجام کو پہنچ جائینگے۔ مسلم ممالک کے عوام میں اپنے بے غیرت اور امریکی ایجنٹ حکمرانوں کیخلاف نفرت بڑھ رہی ہے۔ ٹرمپ نے امریکہ کے مسلمانوں سے دنیا میں جنگ ختم کرنے کا وعدہ کر کے ووٹ حاصل کیے۔