میرپور خاص:پولیس سرپرستی میں جوئے کے اڈے قائم،شہری پریشان
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
میرپورخاص(نمائندہ جسارت) میرپورخاص سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کی حدود میں کھلے عام جوئے کے اڈے قائم ،شارٹ کٹ طریقے سے امیر بننے کے چکر میں نوجوان کنگال ہونے لگے،پولیس سرپرستی کے سبب جواری بے خوف دھندہ کرنے میں مصروف ،شہریوں کا ڈی آئی جی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی حدود بھانسنگھ آباد کتر مشین والی گلی میں شمیم حاجی ڈان سمیت دیگر جگہوں پر جوئے کے اڈے کھلے عام چل رہے ہیں جہاں میرپورخاص کے نوجوان امیر بننے کے چکر میں اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو رہے ہیں شہر کے بچے بچے کو ان جوئے کے اڈوں کا پتا ہے۔ ذرائع و بھانسنگھ آباد علاقہ مکینوں کے مطابق حاجی ڈان جوئے کے اڈے کے باہر اکثر و بیشتر پولیس 15 مددگار پولیس کے سپاہی بھی دیکھے گئے ہیں مگر کارروائی کبھی نہیں کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل اے ایس پی طلال خان قائم خانی نے چھاپا مار کر حاجی ڈان اور دیگر کو گرفتار کیا تھا تاہم حاجی ڈان نے ضمانت پر رہائی کے بعد اب دوبارہ جوئے کا اڈا قائم کرکے شہریوں کو نشانہ بنا کر لوٹ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جوئے کے اڈے کے چلنے کی تمام صورتحال سے سیٹلائٹ ٹاؤن تھانہ کے افسران کو معلومات ہے مگر جوئے کے اڈوں کے خلاف کارروائی نہیں کرنا سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے ڈی آئی جی زبیر احمد دریشک اور ایس ایس پی شبیر احمد سھیٹار سے شہر میں واقع تمام جوئے اڈوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جوئے کے اڈے حاجی ڈان
پڑھیں:
کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری جاں بحق، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دے دیا
شہر قائد کے علاقے گڈاپ سٹی مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈسٹرکٹ ملیر گڈاپ تھانے کے حدود میں واقعے گڈاپ سٹی میں پیش آیا۔
ایس ایچ او تھانہ گڈاپ سرفراز جتوئی کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت خورشید کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے خورشید نامی شہری کو قتل کیا اور فرار ہوگئے۔
مقتول سے تاحال کسی قسم کی لوٹ مار کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ واقعہ ابتدائی طور پر ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں بچی سمیت 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔