مری ، نتھیاگلی، ایوبیہ سمیت بالائی علاقوں میں برفباری، سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
راولپنڈی(اوصاف نیوز) ملک بھر میں شدید بارش، نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔ پورے ملک میں بادل کھل کر برسے جبکہ بالائی علاقوں ، کشمیر ، گلگت بلتستان ، ملکہ کوہسار مری، نتھیاگلی اور ایوبیہ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔
گلیات کے بالائی مقامات پر6 سے 8 انچ تک برف پڑچکی ہے۔ اس کے علاوہ استور میں بھی گزشتہ رات سے وقفے وقفے کے ساتھ برفباری کا سلسلہ جاری ہے، دیر ، مالم جبہ، میاندم اور کالام میں بھی برفباری سے سردی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دیر شہر میں 3 انچ ، لواری ٹنل اور اطراف میں اب تک ایک فٹ سے زائد ، سیاحتی مقام کمراٹ میں ایک فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، مختلف علاقوں برفباری شروع ہوتے ہی بجلی کی سپلائی معطل کردی گئی ہے۔
ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے بعد ڈپٹی کمشنر مری کی جانب سےسیاحوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔ڈی سی مری کے مطابق سیاح مری اورگلیات کا سفر کرنے سے پہلے موسم کی صورتحال معلوم کرلیں۔
مکینیکلی اچھی گاڑی میں سفر کریں، پیٹرول کاٹینک فُل رکھیں،کھانے پینے کی اشیاء اور خشک میوہ جات ہمراہ رکھیں، گاڑی چھوٹے گیئرمیں چلائیں، سنوچین کا استعمال کریں، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے غلط پارکنگ سے گریز کریں اور دوران ڈرائیونگ ویڈیوز اور تصاویر بنانے سے اجتناب کریں۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ24گھنٹوں تک مری میں مزید بارش اور برفباری کاامکان ہے، بارش اور برف باری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثرہوسکتی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔
ادھر ریلیف کمشنر کی جانب سے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے، مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13فیسیلٹیشن مراکز قائم ہیں، شہری احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اےکی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔
ٹورنٹو طیارہ حادثہ، ہر مسافر کو 30 ہزار ڈالر دینے کا اعلان
ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
چترال میں بارش و برفباری کا نیا سلسلہ، طغیانی اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان
پشاور:چترال میں بارش و برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا جب کہ خیبر پختونخوا میں موسم غیر یقینی ہے۔ علاوہ ازیں مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چترال اور گرد و نواح میں حالیہ بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری نے ایک بار پھر سرد موسم کی واپسی کی نوید دے دی ہے۔ پہاڑوں پر سفید چادر بچھ گئی ہے جب کہ نشیبی علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری نے مقامی زراعت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
چترال کی خوبصورت کالاش ویلیز میں شدید ژالہ باری کے باعث پھلوں کے باغات اور مختلف فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ مقامی کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ تیار فصلیں چند منٹ کی ژالہ باری میں تباہ ہو گئیں، جس سے معیشت پر براہ راست اثر پڑے گا۔
علاوہ ازیں مسلسل تیز بارشوں کے سبب چترال کے ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ کچھ علاقوں میں برساتی نالے سیلابی صورت حال اختیار کر چکے ہیں، جس سے مقامی افراد کو نقل و حرکت میں دشواری کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال اور کالام میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ چترال کا درجہ حرارت 15 جب کہ کالام کا صرف 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جو موسم بہار میں غیر معمولی ٹھنڈک کی علامت ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کا درجہ حرارت 39، بنوں 35 جب کہ پشاور کا 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے برعکس دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے بعض مقامات پر مزید بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور گرد و نواح میں مزید بارش، ژالہ باری اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔