پاکستان کے کون سے علاقے بارش سے جل تھل ہوئے اور کہاں ہورہی ہے برفباری؟
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
طویل خشک سالی کا خطرہ ٹلنے لگا، ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں طویل عرصے بعد تیز بارش ہوئی۔
بدھ جمعرات کی درمیانی شب لاہور ، فیصل آباد، ملتان، وہاڑی، میلسی، راجن پور، گوجرانوالہ،گجرات، گوجر خان، حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش دیکھنے کو ملی۔
راولپنڈی اور اس کے نواح میں تقریباً 4ماہ بعد تیز بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بوکرہ میں 19، ایچ ایٹ میں 22، شمس آباد میں 20،چکلالہ میں 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
لاہور میں بھی رات بھر بادل برستے رہے، ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں مزید 3 دن کی تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے، دوسری جانب مری اور گلیات میں رات سے برفباری جاری ہے جس کے باعث سیرکے لیے آنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
بلوچستان میں قلات، چمن، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں بارش اور برف باری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔
سندھ میں گھوٹکی، کشمور، کندھ کوٹ اور ٹھل میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔
بارش اور برف باری کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟
محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد، بالائی پنجاب،خیبرپختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے، اس کے علاوہ خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جبکہ کوہ سفید پر برف باری بھی ہوئی جس سے سردی بڑھ گئی۔ پشاور، چارسدہ، مردان، دیر، خیبر، مظفر آباد ، اٹھمقام میں بارش سے ٹھنڈ پھر بڑھ گئی۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے علاقے نکیال میں طویل عرصے بعد خشک سالی کا خاتمہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے بالائی وادی نیلم میں بھی ہلکی برفباری اور بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: محکمہ موسمیات کا سلسلہ میں بھی
پڑھیں:
صوابی؛ ژالہ باری، تیز بارش، آسمانی بجلی گرنے سے کشتی بان جاں بحق، 2 زخمی
SWABI:خیبرپختونخوا میں شدید ژالہ باری، طوفان اور بارشوں سے صوابی اور دیگر علاقوں میں تیار فصلوں کو شدید نقصان پہنچا اور آسمانی بجلی گرنے سے کشتی بان جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
صوابی کے مختلف علاقوں میں موسم نے خطرناک صورت حال اختیار کرلی جہاں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور چند مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے نقصان ہوا۔
صوابی میں دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام پر کشتی پر آسمانی بجلی گرنے سے کشتی بان اقبال حسین جاں بحق اور کشتی پر سوار دو افراد جنید اور ارشد زخمی ہوگئے جبکہ دو افراد حسیب اور واصف شاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
اس دوران تمباکو، گندم، مختلف سبزیاں اور باغات وغیرہ کو شدید نقصان پہنچا ہے، اس وقت گندم اور ملکی تمباکو سفید پتا کی فصل بالکل تیار ہے اور مختلف علاقوں میں گندم کی کٹائی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
صوابی میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پلو ڈھنڈ، سلیم خان اور مانیری صوابی شامل ہیں، تحصیل ٹوپی، لاہور اور رزڑ کے مختلف پٹوار سرکل میں بھی جزوی نقصان ہوا ہے۔
اتحاد کاشتکاران پختونخوا کے چئیرمین عارف علی خان اور نائب صدر محمد اقبال خان آف شیوہ نے شدید مالی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کاشت کاروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شدید موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ طبقہ کاشت کار اور زمین دار ہیں لہٰذا متاثرہ علاقوں کا سروے کیا جائے۔