عطا تارڑ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات: غلط معلومات، پراپیگنڈے سے نمٹنے پر زور
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور سعودی عرب کے وزیر برائے میڈیا سلمان بن یوسف الدوسیری کے درمیان یہاں سعودی میڈیا فورم کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ پروڈکشن، گانے، فلم اور ڈاکومنٹریز کی تیاری کے لئے جوائنٹ کمیٹی تشکیل دینے اور صحافیوں کے تبادلے اور تربیتی پروگراموں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی عرب کے وزیر برائے میڈیا کو سعودی میڈیا فورم کے چوتھے ایڈیشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے اور مشترکہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے غلط معلومات اور پراپیگنڈے سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون سے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر پرستی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب وژن 2030ء کے اہداف سے آگے بڑھ چکا ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی مثالی ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا ہے، ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان سعودی عرب برادرانہ تعلقات اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ سعودی وزیر برائے میڈیا نے کہا کہ سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی آئندہ میٹنگ پاکستان میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان کے ساتھ اطلاعات سمیت تمام شعبوں میں تعاون کا فروغ ہماری ترجیح ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے بدھ کو سعودی میڈیا فورم کے زیر اہتمام کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی۔ دنیا بھر سے عالمی رہنمائوں سمیت میڈیا سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہیں۔ کانفرنس میں سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان ال سعود بھی شریک ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقات بھی ہوئی۔ میڈیا فورم میں فیک نیوز، عوامی اعتماد کی بحالی میں میڈیا اداروں کے کردار کے بارے میں حکمت عملی پر بھی غور ہوگا۔ فورم میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، صحافت کا مستقبل، میڈیا اکنامکس، ڈیجیٹل نظام، مس انفارمیشن، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری، ڈیجیٹل سٹریمنگ جیسے اہم موضوعات پر مباحثے بھی منعقد ہوں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وفاقی وزیر اطلاعات سعودی عرب کے میڈیا فورم کے درمیان
پڑھیں:
سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا:ایاز صادق
اسلام آباد(خبرنگار)سعودی عرب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی شوری کونسل کے چیئرمین نے پاکستانی پارلیمانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پرتپاک خیر مقدم کرنے ان کا شکریہ کیا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات مثالی، گہرے اور وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والے ہیں۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔پاکستان کی عوام اور حکومت سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات پر فخر محسوس کرتے ہیں، اور وقت گزرنے کے ساتھ ان تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے۔سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ملاقات میں عالم اسلام کے اتحاد، یکجہتی اور امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی ۔سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے سعودی عرب کے گرینڈ مفتی، شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر اسلامی تعلیمات کی اصل روح اور اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔