اگر آج ہماری بہادر فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال عراق، لبنان اور شام سے بھی بدتر ہوتا، گورنر سندھ
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
برطانوی شہر بریڈفورڈ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے، اس کا وقار اور عزت برقرار رکھنا ہماری ذمے داری ہے، ہمیں اپنے ملک کے استحکام اور ترقی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پاک فوج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کی ضامن ہے، اگر آج ہماری بہادر فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال عراق، لبنان اور شام سے بھی بدتر ہوتا۔ سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری نے برطانوی شہر بریڈفورڈ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل حافظ عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے سپہ سالار ناصرف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں بلکہ معیشت کے استحکام اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کا قیام پاکستان میں سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک بڑا اقدام ہے، جو ملک کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرے گا۔
کامران ٹیسوری نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ناصرف ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ وہ پاکستان کے حقیقی سفیر بھی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ برطانیہ اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو وہاں کے قوانین کی پاسداری کے ساتھ اپنی اعلیٰ اقدار اور ثقافت کا عملی نمونہ پیش کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم ہے، حکومت ان کے مسائل حل کرنے اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ رمضان المبارک کی آمد پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں اس مقدس مہینے کو اتحادِ رمضان کے طور پر منانا چاہیے تاکہ پاکستان کے استحکام اور روشن مستقبل کے لیے ہم سب متحد ہو کر کام کریں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: استحکام اور گورنر سندھ نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
پاکستان میں سیاسی استحکام کو نقصان پہنچنے نہیں دیں گے، طلال چودھری
وزیر مملکت برائے داخلہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کی وجہ سے ہم دہشتگردی کے خلاف اکٹھے ہو کر لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی کی تنقید کو ہم تعمیری طور پر لیتے ہیں۔ جبکہ نہروں کے معاملے کو حل کر لیا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں سیاسی استحکام کو نقصان پہنچنے نہیں دیں گے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینا چاہتے تھے۔ لیکن بلاول بھٹو ملک سے باہر تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے ہائی لیول پر رابطہ ہو گیا ہے۔ پہلے بھی معاملات کو حل کیا ہے اس میں کوئی ذاتی معاملہ یا ذاتی فائدے کی بات نہیں ہے، جس کا جو حق بنتا ہے وہ اس کو ملے گا۔
طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کو ہم نقصان پہنچنے نہیں دیں گے۔ اور اسی سیاسی استحکام کی وجہ سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ سیاسی استحکام کی وجہ سے ہم دہشتگردی کے خلاف اکٹھے ہو کر لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی تنقید کو ہم تعمیری طور پر لیتے ہیں۔ جبکہ نہروں کے معاملے کو حل کر لیا جائے گا۔
افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ افغان وفد پاکستان میں تھا۔ جو کچھ روز قبل ہی واپس گیا ہے۔ ہماری پالیسی صرف افغانستان کے لیے نہیں بلکہ ساری دنیا کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے اور افغان شہریوں کی واپسی کی ڈیڈ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ دہشتگردی کے خلاف سب کو متحد ہونا ہو گا۔