پاکستان اور سعودی عرب کی نیول فورسز کی دو طرفہ مشق کراچی میں اختتام پذیر
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
کراچی:
پاک بحریہ کے اسپیشل سروس گروپ اور رائل سعودی نیول فورسز کی اسپیشل آپریشن فورس (ایس او ایف)کی دو طرفہ تربیتی مشق افعی الساحل VII فائنل ٹیسٹ ایکسرسائز (ایف ٹی ایکس) کے ساتھ کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل فیصل امین نے دونوں ممالک کے اعلیٰ فوجی حکام کے ہمراہ آخری ٹیسٹ مشق کا مظاہرہ دیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس مشق کے دوران ٹیموں نے مشترکہ طور پر اعلیٰ درجے کی حکمت عملی، لائیو فائر ڈرل، چھاپہ مار کارروائی اور پر خطر ماحول میں ریپیلنگ کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مشقوں میں انسداد دہشت گردی، یرغمالیوں کو بچانے اور مربوط بحری آپریشنز کی تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جس نے مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو تقویت بخشی۔
ان کا کہنا تھا کہ مشق افعی الساحل کا کامیاب انعقاد، رائل سعودی نیول فورسز اور پاک بحریہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ یہ مشق مشترکہ بحری سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں بحری افواج کی صلاحیتوں، باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کی مہارت بڑھانے میں مزید معاون ثابت ہوگی۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاک بحریہ
پڑھیں:
دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج نے مہارت اور اعلیٰ اوصاف ثابت کئے: آرمی چیف
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ کردار، جرات اور قابلیت کی بھرپور صفات کو برقرار رکھا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی کی میزبانی میں آٹھویں انٹرنیشنل ٹیم سپرٹ (PATS) مقابلے 14 سے18 اپریل2025 ء تک خریال گیریژن میں منعقد کئے گئے، اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔60 گھنٹوں پر مشتمل اس سخت اور بھرپور پٹرولنگ مشق کا مقصد شرکاء کے درمیان جنگی مہارتوں کا تبادلہ اور پیشہ ورانہ تجربات کو شیئر کرنا تھا تاکہ جدید حربی صلاحیتوں میں بہتری لائی جا سکے۔ مشق میں پاکستان آرمی کی 7 ٹیموں کے علاوہ پاکستان نیوی کی ایک ٹیم اور 15 دوست ممالک کی افواج کی ٹیموں نے شرکت کی جن میں بحرین، بیلاروس، چین، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان شامل تھے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، کینیا، میانمار اور تھائی لینڈ کے نمائندوں نے بطور مبصر مشق کا مشاہدہ کیا۔ یہ مشق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئی۔ اس حوالے سے آئی ایس پی آر نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ PATS نے ایک سنجیدہ اور مقابلہ جاتی فوجی مشق کے طور پر عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مشق میں شریک تمام ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایسی مشقیں باہمی سیکھنے کے بہترین مواقع فراہم کرتی ہیں اورPATS ایک ایسا موثر فورم ہے جو فوجی صلاحیتوں اور حکمت عملی کو یکجا کرتا ہے اور عصر حاضر کی جنگی نوعیت کے مطابق ٹیم سپرٹ کو فروغ دیتا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آرمی کردار، حوصلہ اور مہارت جیسے اعلی فوجی اوصاف کی حامل ہے، جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سپاہیوں نے بخوبی ثابت کیے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مشق میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور افراد کو انعامات سے نوازا، بین الاقوامی مبصرین اور مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اس پیشہ ورانہ مشق کے اعلی انتظامات اور معیار کو سراہا۔