پختونخوا میں پولیو ڈیوٹی پر مامور ایک اور پولیس اہلکار فائرنگ سے جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
پشاور:
خیبر پختونخوا میں پولیو ڈیوٹی پر مامور ایک اور پولیس اہلکار فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ سیرئی میں پولیو ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں اہل کار جاں بحق ہوگیا۔
ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے علاقے کی ناکا بندی کردی۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل ہی اکوڑہ خٹک کے علاقے حسن درہ میں پولیو ڈیوٹی سے واپس آنے والے موٹر سائیکل سوار پولیس اہل کار فدا حسین کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔
قبل ازیں ایک واقعہ جمرود کے علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں سخی پل کے علاقے میں نامعلوم افراد نے پولیو ڈیوٹی کے لیے جانے والے پولیس اہلکار پر گولیاں چلا دیں، جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا۔
علاوہ ازیں کرک کے علاقے سرکی لواغر میں بھی مسلح افراد نے پولیو ٹیموں پر فائرنگ کی تھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
اسی طرح خیبر کے علاقے تھانہ ملوارڈ (باڑہ) میری خیل میں پولیو ٹیم پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی، جس میں پولیو ٹیم محفوظ رہی جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی سے ایک دہشت گرد زخمی ہوا تھا۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ تمام واقعات رواں ماہ (فروری) ہی میں پیش آئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: میں پولیو ڈیوٹی پولیس اہلکار کے علاقے
پڑھیں:
خیبرپختونخوا حکومت نے مدارس کیلیے گرانٹ 3 کروڑ سے بڑھا کر 10 کروڑ کردی
پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے دینی مدارس کے لیے گرانٹ 30 ملین (تین کروڑ) سے بڑھا کر 100 ملین (10 کروڑ) روپے کر دی ہے۔
مشیر اطلاعات یرسٹر محمد علی سیف نے بیان میں کہا ہے کہ گرانٹ کی منظوری وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبا بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، دینی و عصری تعلیم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ طلبہ کو مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین کے وژن اور وزیراعلی کی قیادت میں صوبے میں دینی وعصری تعلیم کو فروغ دیا جارہا ہے، خیبر پختونخوا حکومت اسکولوں کے ساتھ ساتھ مدارس کو بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔