حکومت اور سیکورٹی ادارے کرم کے مٹھی بھر دہشتگردوں کو لگام دینے میں ناکام نظر آ رہے ہیں، علامہ سید احمد اقبال رضوی
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
ایم ڈبلیو ایم کے وائس چئیرمین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے علاقے کے عوام محصور ہیں، اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قلت کے باعث انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اور قیمتی جانوں کا ضیاع معمول بن گیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ہم ضلع کرم، خصوصاً پاراچنار میں جاری بدامنی، راستوں کی بندش اور عوامی مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ گزشتہ کئی ماہ سے علاقے کے عوام محصور ہیں، اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قلت کے باعث انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اور قیمتی جانوں کا ضیاع معمول بن گیا ہے۔ ایک بار پھر دہشتگردوں نے اشیائے خوردونوش اور ادویات لے جانے والی گاڑیوں پر حملہ کرکے ریاست کی رٹ کو کھلم کھلا چیلنج کیا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ صوبائی حکومت اور سیکورٹی ادارے مٹھی بھر دہشتگردوں کو لگام دینے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ ریاستی عملداری پر بھی سوالیہ نشان ہے۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر راستے کھولے جائیں تاکہ عوام کو بنیادی ضروریات میسر آ سکیں۔ دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ امن و امان بحال ہو۔
متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
ریاستی رٹ کو بحال کیا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
ضلع کرم میں امن کے لیے سرگرم عوامی نوجوان لیڈر، تحصیل چیئرمین مزمل فصیح کی فوری رہائی عمل میں لائی جائے، جو صوبائی حکومت کی جانب سے جھوٹے مقدمات میں پابندِ سلاسل ہیں۔ صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی خاموشی اور بے بسی ملک کو ایک نئے بحران کی طرف دھکیل رہی ہے، جو ناقابل قبول ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اربابِ اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور عوام کو اس عذاب سے نجات دلانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ اس بربریت کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ ہم ظلم کے خلاف کھڑے ہیں، اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی اور قانونی اقدام اٹھائیں گے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
شہباز شریف کا نمایاں کارکردگی پر تارکین وطن کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان
وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیوں کے امور پر ہونے والے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں بڑا پیکج دیا ہے اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پاکستانیوں کو سول ایوارڈ دیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں شہباز شریف کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیوں کے امور پر خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں بڑا پیکج دیا ہے اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں، مادر وطن کیلئے ان کی بڑی خدمات ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے جذبوں، وطن کیلئے محبت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے دنیا بھر میں محنت کرکے اپنا اور اپنے ملک کیلئے نام روشن کیا اور طب، تعلیم، انجینئرنگ اور کنسلٹینسی میں بطور پروفیشنل محنت کر کے رزق حلال کمایا ہے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ کنونشن میں اوورسیز کی بڑی تعداد میں شرکت حکومتی پالیسیوں پراعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور اُنہیں مزید سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہیں اور پاکستان میں اُن کی مہارت کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقع بھی دیئے جائیں گے۔