کراچی میں پاکستان کے سب سے بڑے بایو میتھین گیس منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
گڈاپ میں پاکستان کے سب سے بڑے بایو میتھین گیس منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کردیا۔وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے آج گڈاپ کراچی میں پاکستان کے سب سے بڑے بایو میتھین گیس منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کردیا۔پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سید قاسم نوید قمر نے گائے بھینسوں کے گوبر سے بایو میتھین گیس بنانے کا پلانٹ لگانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ میسرز بایو ویسٹ انرجی وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کا یہ پلانٹ صاف اور ماحول دوست توانائی کی جانب اہم پیشرفت ہے ۔سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ماحول دوست بایو میتھین گیس کے اس پراجیکٹ سے ڈیری صنعت سے وابستہ بزنس مین گوبر سے کار آمد گیس حاصل کرنے کی افادیت سے آگاہ ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ اس اقدام سے ڈیری سیکٹر کو معاشی استحکام ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں۔سید قاسم نوید نے کہا کہ صدرِ پاکستان محترم آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ معیشت کے استحکام اور روزگار کے مواقعوں میں اضافے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے حامل منصوبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی ہرممکن معاونت کررہی ہے، سندھ حکومت بایو میتھین گیس کے ایسے پراجیکٹ لگانے والے ڈیری فارمرز کو بینک قرضوں پر سندھ انٹر پرائز ڈیویلپمنٹ فنڈ (ایس ایس ڈی ایف ) کی جانب سے کائبور سبسڈی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہے۔بایو ویسٹ انرجی وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر وقاص محسن نے بتایا کہ یہ پلانٹ 23 ہزار میٹر کیوب بایو میتھین گیس پیدا کرسکے گا اور 4 سے 5 میگاواٹ بجلی بھی روزانہ پیدا کرسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گوبر سے گیس کے ساتھ ساتھ حرارت اور گیس بننے کے دوران بچنے والی راکھ سے اینٹیں بناسکتے ہیں، اس پلانٹ میں روزانہ 380 ٹن بایو ویسٹ استعمال ہوگا۔بتایا گیا کہ پلانٹ میں استعمال ہونے والے پانی کو ری سائیکل کرکے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جائے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
نہروں کے منصوبے کیخلاف سندھ متحد ہے، پیچھے ہٹنے والے نہیں،وزیراعلیٰ
سیہون / بھان سعید آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نہروں کے منصوبے کے خلاف سندھ متحد ہے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے نہروں کے منصوبے پر اپنا واضح موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اس منصوبے کے خلاف متحد اور سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عمرکوٹ کے عوام نے سازشی عناصر کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سیہون میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ بات چل رہی تھی کہ صرف پیپلز پارٹی ہی کینالز کو بند کروا سکتی ہے اور یہ بات درست ہے کیونکہ ان کینالز کی منظوری نگراں حکومت نے ارسا سے لی تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارلیمنٹ ہاؤس میں پہلے ہی یہ واضح کر چکے ہیں کہ ان کینالز کو کسی صورت سپورٹ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ کے ضمنی الیکشن کے دوران عوام نے بھرپور انداز میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا اور حال ہی میں حیدرآباد ڈویژن میں ہونے والا جلسہ بھی ایک شاندار اور بڑا جلسہ تھا۔ مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ یہ تو صرف ایک ڈویژن کا جلسہ تھا، ابھی سکھر، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص اور کراچی میں بھی جلسے ہوں گے۔
مراد علی شاہ نے کینالز کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ان کے احتجاج کو ویلکم کیا جاتا ہے، تاہم بعض عناصر اس احتجاج کو پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ ہم کینالز کے معاملے پر عوام کے ساتھ ہیں۔