راولپنڈی: ڈاکوؤں نے برطانیہ سے آئی فیملی کو لاکھوں مالیت کے زیورات سے محروم کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
کراچی:
راولپنڈی میں برطانیہ سے آئی فیملی کو ڈاکوؤں نے لاکھوں مالیت کے زیورات سے محروم کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے تھانہ مندرہ کے علاقے میں واردات کے دوران برطانیہ پلٹ فیملی سے 30 ہزار روپے نقدی، شاپنگ کا سامان اور 45 لاکھ روپے مالیت کے 15 تولے زیورات و ہیرے کی انگوٹھی چھین لی۔
احسن لطیف نامی شہری نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اہلیہ اور بچوں کے ساتھ پاکستان آئے تھے اور جی ٹی روڈ پر مال سے شاپنگ کے بعد واپس جا رہے تھے کہ اچانک مسلح کار سواروں نے ان کی گاڑی کو روک لیا۔
ڈاکوؤں نے اسلحے کی نوک پر 30 ہزار روپے کی نقدی اور شاپنگ کا سامان چھین لیا جبکہ گاڑی میں سوار خاتون سے زبردستی 15 تولے کے زیورات اور ہیرے کی انگوٹھی بھی اتروالی۔ ملزمان کارروائی کے بعد با آسانی فرار ہوگئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ مدعی احسن لطیف نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی رقم اور زیورات جلد برآمد کرائے جائیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وزیراعلیٰ بلوچستان کی سہولیات سے محروم اسکولوں کو فوقیت دینے کی ہدایت
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ترقیاتی اسکیموں میں بنیادی سہولیات سے محروم اسکولوں کو فوقیت دینے کی ہدایت کردی۔
کوئٹہ میں سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں اسکیموں کی پیشرفت، شفافیت اور موثر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے تمام اضلاع میں تعلیمی ضروریات کا جامع سروے کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تخمینہ، لاگت اور مختص وسائل میں ہم آہنگی پیدا کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پسماندہ اضلاع کو محکمہ تعلیم کی اسکیموں میں ترجیح دی جائے، خاص طور پر بنیادی سہولیات سے محروم اسکولوں کو اسکیموں میں فوقیت دی جائے۔
سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کےلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں فعال کی جائیں، تعلیم سے جڑی اسکیموں میں کمیونٹی کی رائے کو بھی مدنظر رکھا جائے۔